پی سی بی: انڈر 13اور انڈر 16ٹورنامنٹس معطل کردئیے گئے

کراچی(اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کراچی اور ملتان میں جاری نیشنل انڈر13اور نیشنل انڈر 16ٹورنامنٹس

معطل کردئیے ہیں۔
معطلی کی وجہ کراچی اور ملتان میں جاری ٹورنامنٹس میں زائد العمر کھلاڑیوں کی شرکت ہے۔پی سی بی نے پیر کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ انڈر 13 اور انڈر 16 کے ٹورنامنٹس پی سی بی کے پاتھ ویز پروگرام کا اہم جزو ہیں لہٰذا ان ٹورنامنٹس کی ساکھ کو بچانے کے لیے صرف مستحق کھلاڑیوں کو ہی کھیلنے کی اجازت دے سکتے۔ پی سی بی نے دونوں ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں کی بون ایج ٹیسٹنگ کا تیسرا راؤنڈ کروانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی بنیاد پر نئی ٹیموں کی تشکیل کے بعد یہ ٹورنامنٹس آئندہ ہفتے سے دوبارہ سے شروع ہوں گے۔
انڈر 16 ٹورنامنٹ میں ہر ایسوسی ایشن کی دو ٹیموں کے 300 کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، وہاں بون ایج ٹیسٹنگ کا عمل منگل سے بدھ تک جاری رہے گا۔ اسی طرح کراچی میں انڈر 13 کے 150 کھلاڑیوں کی بون ایج ٹیسٹنگ منگل کو مکمل کرلی جائے گی۔ان بون ایج ٹیسٹ میں زائدالعمر قرار پانے والے کھلاڑیوں کو ان ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی تاہم ان کھلاڑیوں کو اپیل کے لیے 2 روز تک کا وقت دیا جائے گاجہاں انہیں دوبارہ بون ایج ٹیسٹنگ یا درست برتھ سرٹفیکیٹ اور متعلقہ دستاویزات جمع کروانے کی آپشن دی جائے گی۔
ادھر جب تک ٹورنامنٹس کا دوبارہ آغاز نہیں ہوتا، اس وقت تک تمام ٹیمیں کراچی اور ملتان میں ہی ٹھہریں گی جہاں انہیں پی سی بی کے مقررہ کوچز کی زیرنگرانی ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان نے کہا ہے کہ ویڈیو شواہد سے تصدیق ہوئی ہے کہ کچھ زائد العمر کھلاڑی انڈر 13 اور انڈر 16 ٹورنامنٹس میں حصہ لے رہے ہیں، لہذا ان ایونٹس کو معطل کرنا اور بون ایج ٹیسٹنگ کے نئے راؤنڈ کا آغاز کرنا ہی درست ہوگا۔
ندیم خان نے کہا کہ پی سی بی زائدالعمر کھلاڑیوں کو نظام میں موجود خامیوں کا فائدہ اٹھانے اور مستحق کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی اجازت نہیں دے سکتا۔انہوں نے کہا کہ غلط عمر کے ساتھ ایج گروپ کرکٹ کھیلنا ایک مجرمانہ جرم ہے جو ہمارے نظام کو متاثر کر سکتا ہے