
لاہور (اسپورٹس ڈیسک) ریڈ لسٹ میں شامل ہونے کے باوجود پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو انگلینڈ میں
داخلے کا پروانہ مل گیا۔پاکستان ٹیم کو جولائی میں دورہ انگلینڈ کے دوران3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں،بھارتی ٹیم جون میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل اور اگست ستمبر میں میزبان ٹیم کیخلاف 5ٹیسٹ میچز میں حصہ لے گی۔
کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انگلینڈ نے پاکستان اور بھارت کو ریڈ لسٹ میں شامل کرتے ہوئے سفری پابندیاں عائد کررکھی ہیں،البتہ اب برطانوی حکومت نے خصوصی رعایت برتتے ہوئے دونوں ملکوں کی کرکٹ ٹیموں کو آنے کی اجازت دے دی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے اسکواڈز اپنے شیڈول کے مطابق انگلینڈ پہنچیں گے، انہیں قرنطینہ کےلئے سرکاری طور پر مختص کسی مرکز میں رکھنے کے بجائے ساوتھمپٹن کے ایجز باول میں ہی واقع ہوٹل میں قیام کی اجازت دی جائے گی،اس دوران کورونا ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ہوٹل میں قیام سے متعلق پالیسی کا اطلاق صرف کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان پر ہوگا، فیملیز کو یہ سہولت حاصل نہیں ہوگی،البتہ اس ضمن میں کوئی حتمی پروٹوکول بنانے کےلئے بات چیت چل رہی ہے۔ حالات بہتر ہونے پر اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کے حوالے کوئی رعایت دینا ممکن ہوگا۔














