
کراچی(رنگ نوڈاٹ کام )جماعت اسلامی پاکستان کےامیر سینیٹرسراج الحق نے کہاہےکہ آج کراچی کی خواتین نےبھی سڑکوں
پر نکل کراور کشمیری خواتین اور عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کر کےثابت کردیاہےکہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پرہے،کشمیر کےبغیر پاکستان نامکمل ہے،کراچی سے چترال تک قوم کو منظم کریں گے۔
جماعت اسلامی حلقہ خواتین کےتحت نیو ایم اے جناح روڈ پرکشمیر میں مظلوم نہتے کشمیریوں پر بھارتی جارحیت اور کالےقانون کے تحت آرٹیکل 370،35اے کو ختم کرکے کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کےخلاف خواتین کےایک بڑے احتجاجی مظاہرےسےآڈیوخطاب کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ ، یہ کسی زمین کے حصول کی لڑائی نہیں اسلام اور نظریے کی جنگ ہے،یہ ایک طویل جنگ ہے اپنے حوصلوں کو بلند رکھناہوگا،پاکستان عوام نے بنایا تھا اور عوام ہی اس کا تحفظ کریں گے۔امید ہے کہ بھارت کے اندر ایک اور پاکستان بنے گااورمقبوضہ کشمیرمیں آزادی کاسورج ضرورطلوع ہوگا
۔ مظاہرے سےامیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، ڈپٹی سکریٹری کراچی یونس بارائی و دیگرنے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی جنرل سکریٹری دردانہ صدیقی، ناظمہ کراچی اسماء سفیر و دیگر خواتین ذمہ داران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہارکیا۔ خواتین مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الا اللہ، کشمیر کی جدوجہد آزادی کو سلام،پوری قوم مظلوم اہل کشمیر کے ساتھ ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر کاسودا نامنظور،کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی،کہاں ہے اقوام متحدہ؟۔
سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کوعظیم الشان مظاہرے کے انعقادپر مبارکباد پیش کرتےہوئے کہاکہ کراچی مظاہرےمیں ماؤں، بیٹیوں اور بہنوں نے شریک ہوکر مظلوم کشمیریوں کو مزید حوصلہ دیا ہے، مقبوضہ کشمیر کو اس وقت جیل خانہ بنادیا گیا ہے، وہاں کے تعلیمی ادارے اور اسپتال بند کردیے گئے ہیں، چوک، چوراہوں اور گھروں پر فوج کھڑی ہے اورمکمل طور پر کرفیولگادیا گیا ہے،بھارتی درندوں نے ماؤں کے سامنے ان کے بچوں کو ذبح کیا اور ان کی بیٹیوں کی عصمت دری کی، لیکن افسوس ہے کہ ساری دنیا اس پر خاموش ہے،بد قسمتی سے جتنےبھی پاکستان کے حکمران آئے سب نے انڈیا سے اچھے تعلقات بنانے کی کوشش کی لیکن بھارت نے کبھی مثبت رویے کا اظہار نہیں کیااور اب ثابت کردیا ہے کہ بھارت کشمیر کو متنازع نہیں سمجھتا اور اس کے نزدیک اقوام متحدہ کی قراردادیں اور عالمی اداروں کی کوئی حیثیت نہیں۔حکمرانوں نے ذہنی طورپر ایل او سی کو تسلیم کرلیا ہے، میں سلام پیش کرتاہوں ان شیر دل کشمیریوں کو جنہوں نے بد ترین ریاستی جبر و تشدد کے باوجود آزادی کی تحریک اورجدوجہد کو جاری رکھا اورایک دن کے لیے بھی بھارت کی غلامی اور تسلط کو قبول نہیں کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ آج کراچی میں مائیں، بہنیں اور بیٹیاں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہیں، ہماری ماؤں بہنوں کی جدوجہد سے کشمیریوں کو مزید حوصلہ ملے گا، ہم سلام پیش کرتے ہیں کشمیری ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کو جو بھارتی ریاستی دہشت گردی کےخلاف آزادی کی تحریک کے لیے جدوجہد کررہی ہیں، سری نگر میں ماؤں بہنوں پر پیلیٹ گنوں سے فائر کیے جارہے ہیں،اس کے باوجود انہوں نے بھارت کی غلامی کو ایک دن کے لیے بھی قبول نہیں کیا
۔حا فظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جمعہ 9اگست کو کراچی میں بعد نماز جمعہ مساجد کےباہر بھارتی دہشت گردی اور مظلوم کشمیریوں سےاظہار یکجہتی کے لیے بڑے پیمانے پرمظاہرے ہوں گے۔














