ملکی استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: وزیرِدفاع خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں موجود ایک مجرم کو

ملکی استحکام، سلامتی اور وقار کے ساتھ کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ “پاکستان ہے تو ہم ہیں”، کیونکہ پاکستان ہماری ذات، انا اور سیاست سے کہیں زیادہ مقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے ردِعمل کے پیچھے اُس مخصوص شخصیت اور اُس کے ساتھیوں کی جانب سے کی جانے والی مسلسل نفرت انگیز ہرزہ سرائی ہے جس کی مثال ملک کی تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔

وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ریاست کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں، اور ان کے خلاف تقسیم ڈالنے کی ہر کوشش قابلِ مذمت ہے،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاستی اداروں کے خلاف کسی بھی منفی بیانیے کو نہ صرف بے نقاب کیا جائے گا بلکہ اسے ناکام بھی بنایا جائے گا۔