
میرپورخاص (رپورٹ :محمد ناصر اقبال) گورنمنٹ سیکننڈری ٹیچرز
ایسو سی ایشن سندھ کی اپیل پر میرپورخاص میں بھی گسٹا کی جانب سے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا گیا ۔
گسٹا سندھ کے جنرل سیکریٹری اقبال احمد پنہور کی قیادت میں نکالے جانے والی ریلی میں سریش کمار مہشوری،ضلعی عہدیداران طارق آرائیں،جاوید اقبال،یاسمین خان،روبینہ ناریجو،تعلقہ میرپورخاص کے صدر حبیب الرحمن،جنرل سیکریٹری اسماعیل نہڑی،تعلقہ حسین بخش مری کے صدر عبد الطیف آرائیں،جنرل سیکریٹری نظیر احمد سمیت دیگر عہدیداران اور مرد و خواتین اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
ریلی میں شامل اساتذہ نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالباتی نعرے درج تھے اور اساتذہ اپنے مطالبات کے لئے نعرے بازی بھی کرتے رہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گسٹا رہنماؤں اقبال پنہور اور گل حسن لاشاری کا کہنا تھا کہ ہم استاد دشمن مینجمنٹ کیڈر کو رد کرتے ہیں اور نویں اور دسویں جماعت کے شرو ع ہونے والے پریکٹیکل امتحان کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ تمام اساتذہ کو معاہدے کے تحت ٹائم اسکیل دیا جائے اور 2012 میں بھرتی کئے جانے والے اساتذہ کی تنخواہیں جاری کی جائیں،سندھ یونیورسٹی،آئی بی اے،این ٹی ایس اور اقراء یونیورسٹی پاس بقایا اساتذہ کو بھی ریگولر کیا جائے،ایس ایل ٹی،ایچ ایس ٹی،سے ہیڈ ماسٹر اور جے ایس ٹی سے ایچ ایس ٹی کی فوری پروموشن کی جائیں، سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں تمام اساتذہ اور دیگر ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس دیا جائے،سندھ کے اساتذہ سمیت تمام سرکاری ملازمین کو گورنر ہاؤس،وزیر اعلیٰ سندھ ہاؤس،سندھ اسمبلی،سندھ سیکریٹریٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے مساوی تنخواہیں اور دیگر مراعات دی جائیں ۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ہمارے جائز مطالبات فوری طور پر منظور کرکے انکا نوٹی فیکیشن جاری کرے تاکہ اساتذہ میں پھیلی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے














