نیب لاہور کی کارروائی، جعلی ڈی جی نیب گرفتار،44لاکھ روپے و اسلحہ برآمد

لاہور(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور نے متعدد شکایات کی بنیاد پر کارروائی

کرتے ہوئے جعلی ڈی جی نیب ملزم محمد فیاض کو جوہر ٹاﺅن لاہور سے گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ملزم میاں محمد فیاض مبینہ طور پر ڈی جی نیب سکھر کا نام استعمال کرتے ہوئے مختلف سرکاری افسروں و عہدیداروں پر من پسند کام نکلوانے کیلئے ناجائز دباﺅ ڈالتا رہا۔
نیب کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غیر قانونی طور پر مختلف سینئر پولیس افسران، پرائیویٹ ہاﺅسنگ سوسائٹیوں کی انتظامیہ کے علاوہ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی اپروچ کرتا رہا۔ علاوہ ازیں ملزم کے خلاف موصول شکایات کے مطابق ملزم میاں محمد فیاض متعدد مرتبہ سیاسی رہنماﺅں کا نام استعمال کرتے ہوئے بھی اپنے کام نکلواتا رہا۔
نیب کو موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر قومی احتساب بیورو لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا جس کے قبضہ سے44 لاکھ کیش کے علاوہ آتشیں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔نیب لاہور نے ملزم کو گرفتاری کے بعد احتساب عدالت لاہور کے روبرو پیش کیا اور احتساب عدالت نے ملزم کو 8 روزہ جسمانی ریماند پر نیب کے حوالے کر دیا۔