
کراچی ( نمائندہ رنگ نو )الخدمت کی جانب تر ک فلاحی ادارے ”حیرات فاو ¿نڈیشن“ کے تعاون سے غزہ
میں مظلوم اور متاثرہ فلسطینیوں کیلئے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔
الخدمت نے غزہ کی ریلیف کے کاموں کیلئے وہاں ایک مرکزجبکہ خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ سینٹر قائم کیا ہے ،جہاں سے اسرائیلی جنگ سے متاثرہ فلسطینی خاندانوں میں روزانہ کی بنیاد پر پکا پکایا کھاناپہنچایا جا رہا ہے ۔متاثرین کو خشک راشن اورفرسٹ ایڈ کٹس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
الخدمت کی جانب سے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف اسرائیلی جنگ میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔
امدادی کاموں پر متاثرین نے الخدمت سے مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر اظہار تشکر کیا اورکہا ہے کہ وہ الخدمت اور پاکستانیوں کی بے مثال محبت کو کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے ۔دریں اثنا الخدمت کراچی کے چیف ایگز یکٹو نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کی مدد ہمارادینی واخلاقی فریضہ ہے اورایک مسلمان کی مدد سنت نبوی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی جنگ کے دوران سیکڑوں فلسطینی مائیں ،بچیاں ،بچے اور بزرگ زخمی ہو ئے ہیں اوران کا کوئی پرسان حال نہیں ،انہیں ،صحت، ادویہ ،پانی ،خوراک اوررہائش کے مسائل درپیش ہیں ۔
نو ید علی بیگ نے کہا کہ متاثرین کی بحالی میں طویل عرصہ درکار ہو گا ،اس مشکل صورت حال میں ان کا کوئی پرسان حال نہیں،اسی لیے الخدمت نے مظلوم اور پریشان فلسطینیوں کی مدد کا فیصلہ کیا ۔انہوں نے پاکستانیوں خصوصاً اہل کراچی سے اپیل کی کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے الخدمت کا ساتھ دیں ۔




































