
اسلام آباد (ویب ڈیسک):ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے ممکنہ طور پر اسرائیل
کو تسلیم کرنے سے متعلق بے بنیاد قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک واضح کر دیا ہے کہ فلسطینی عوام کو قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔
منگل کو ترجمان نے اسرائیل کو ممکنہ طور پر تسلیم کرنے سے متعلق میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے اس سلسلے میں بیانات مکمل واضح ہیں۔ وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور فلسطینی عوام کے لئے قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان مستقل طور پر فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مشرق وسطی میں پائیدار اور دیرپا امن کے لئے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق اور القدس شریف کے دارلحکومت کے طور پر مسلہ فلسطین کا دو ریاستی حل ناگزیر ہے۔














