ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی سکیورٹی واپس لینے کی خبروں کی تردید

کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے پولیس سکیورٹی

واپس لینے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کسی بھی رہنما کی سکیورٹی واپس نہیں لی گئی اور جن افراد کو قانون و سکیورٹی خدشات کے پیش نظر حفاظتی انتظامات فراہم کیے گئے ہیں، وہ بدستور جاری ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول صدیقی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں اور کسی بھی سیاسی یا سرکاری شخصیت کی سکیورٹی ختم نہیں کی گئی،واضح رہے کہ ایک روز قبل میڈیا میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کو فراہم کی گئی پولیس سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، جبکہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھی سکیورٹی واپس لیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔