وزیراعلیٰ کا منصب عوامی خدمت کا نام ہے، گاڑی میں بیٹھ کر آنے جانے کا نہیں، مریم نواز

لاہور(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وزارتِ اعلیٰ کا منصب صرف گاڑی میں بیٹھ کر آنے جانے کا نام نہیں، بلکہ

ان کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود وہ روزانہ نئے جذبے کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہیں۔

سندھ کی انتظامی سروس کے افسران سے ملاقات اور خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انتظامی سروس کے افسران ان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ حکومت روزانہ افسران کے ساتھ مل کر ایک ٹیم کی صورت میں کام کرتی ہے۔ ملک نے انہیں عزت اور پہچان دی ہے، اس لیے وہ اس کے احسان مند ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے روزانہ نئے جذبے کے ساتھ گھر سے نکلتے ہیں اور اپنے روزمرہ امور کی انجام دہی کے دوران ایک لمحے کے لیے بھی عوامی خدمت سے غافل نہیں ہوتے۔ عوام کی فلاح و بہبود ہی ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفتر آنا، حاضری لگانا اور مشکل کاموں کو چھوڑ کر صرف آسان کاموں پر دستخط کردینا سرکاری ملازمت کا مقصد نہیں ہے۔ ان کے مطابق ان کی اپنی کابینہ میں بھی ایسے وزرا موجود ہیں جو لوگوں کو اپنے دروازے پر بلا کر بھول جاتے ہیں۔ سرکاری منصب پر فائز ہونے والے شخص کو سب سے پہلے اپنی ذات کی نفی کرنا پڑتی ہے اور عوامی مفاد کو ترجیح دینا ہوتی ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ صوبے میں برقی بسوں کے چلنے سے عوام پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی اثر نہیں پڑا۔