
ثروت اقبال
امی! آج میں نے اسکول میں اشعرکے ساتھ لنچ کیا ہے۔اس نے بتایا کہ آج کل وہ اوراس کےگھروالے زیادہ مصروف ہیں۔ وہ کہہ رہا تھا کہ اس کے گھر
مہمان آنے والا ھے جو پورا ایک مہینہ رہے گا ۔ایک مہینہ!۔۔۔۔چھوٹی بہن نے بولا ۔ہاں! وہ کہہ رہا تھا کہ جب شام کو باہر کھیلنے آؤ گے تو تمہیں اور دوسرے بچوں کو بھی اس کے بارے میں بتاؤں گا ۔
شام کو جب سب بچے کھیلنے کے لیےجمع ہوگئے تواشعر جو سب بچوں میں بڑاتھا بولا دیکھتے ہیں اس مہمان کا نام کون بوجھتا ہے پھر وہ اس کے بارے میں بتانے لگا کہ میں موبائل میں جو گیم کھیلتا ہوں مہمان کے آنے سے پہلے وہ سارے گیم میں نے ختم کر دیے ہیں یعنی موبائل سے نکال دیے ہیں عمر اچانک کھڑا ہو گیا ارے! یہ کیوں کیا تم نے اشعر نے کہا دیکھو ایک تو اس مہمان کو یہ گیم پسند نہیں اور دوسرے اگر میں گیم کھیلتا رہوں گا تو مہمان کے ساتھ وقت کیسے گزاروں گا۔ہم لوگوں نے عید کے لئے کپڑے اور جوتے وغیرہ بھی لے لیے ہیں اور ہمارے گھر صفائی کرنے والی ماسی آنٹی اور انکے بچوں کے لئے بھی تاکہ اپنے مہمان کے ساتھ زیادہ وقت گزاریں اور خریداری میں وقت ضائع نہ کریں۔اس مہمان کا ایک دوست بھی ہے بچوں کو حیرت ہوئی کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ آرہا ہے۔ اشعر نے کہا ہاں! وہ سب کے لئے بہت سے تحائف بھی لے کر آرہا ہے عبدالرافع جلدی سے آگے بڑھ کر بولا مجھے بھی تحفے چاہیے۔ ۔۔۔۔ سب کو تحفے ملیں گے مگر اس کےلیے کچھ چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھنا ہو گا۔ارے اشعر بھائی آپ مجھے بتائیں میں بہت طاقت ور ہوں سب باتوں کا خیال رکھ سکتا ہوں عبدالرحمن سب کو پیچھے دھکیل کر چھلانگ لگا کر پاس آکر کھڑا ہو گیا ۔۔۔دیکھو دوستوں مہمان کو پسند نہیں کہ کوئی لڑائی کرے ،جھوٹ بولے اور بڑوں کا کہنا نہ مانے کون کون ان باتوں کا خیال رکھ سکتا ہے سب ہی نے تو زور دار آواز میں کہا ہم خیال رکھیں گے۔
حمزہ نے کہا پھر اسے کیا پسند ہے؟اشعر ایسے ہی کسی سوال کا انتظار کررہا تھا وہ بولا مہمان کو پابندی سے نماز پڑھنے والے بچے پسند ہیں اور وہ جو روزانہ قرآن پاک پڑھتے ہیں تب ہی معاذ جوش سے بولا میں قاری صاحب سے روزانہ قرآن پڑھتا ہوں اور نماز بھی سیکھ رہا ہوں ۔سب بچے بولے معاذ تم چھوٹے ہو ابھی ہمیں تو نماز پڑھنی آتی ہے اورقرآن پاک پڑھنا بھی آتا ہے۔ اسامہ نے بھی اپنی چپ توڑی اور کہا! اشعر مجھے اس مہمان کا نام پتہ ہے جو باتیں تم بتا رہے ہو ہمارے گھر میں بھی ایسی ہی باتیں ہو رہی ہیں سب بچے اسامہ کی طرف مڑ گئے۔ جلدی نام بتاؤ مہمان کا ایک مہینہ والا مہمان کا نام ہے رمضان المبارک اسامہ نے اشعر کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔
اشعر نے کہا میں نے بتایا تھا اس کا دوست بھی ہے کون بتائے گادوست کون ہے اسامہ نے کہا قرآن پاک ۔قرآن پاک رمضان المبارک میں نازل ہوا ہے۔ دوسرا سوال وہ ہمیں کیا انعام دے گا اور کس لئے؟ ذرا سوچ کر بتائیں اشعر نے کہا۔عبدالرافع اور حمزہ بولے امی نے بتایا تھا کہ روزہ داروں کو اللہ تعالی انعام میں عیدالفطر عطا فرماتے ہیں بالکل صحیح، اشعر خوش ہوا۔
اب بتاو اس رمضان میں کون کیا کیا کرے گا عمر بولا میں جھوٹ نہیں بولوں گا۔۔۔ حمزہ نے وعدہ کیا نماز پابندی سے پڑھوں گا۔۔۔ عبدالرحمن نرم آواز میں بولا میں نے تو لڑائی ابھی سے چھوڑ دی اب میں کسی سے نہیں لڑو گا۔۔۔اسامہ نے بھی کچھ سوچ ہی لیا تھا کہ اب میں اپنی چھوٹی بہن کے کھلونے نہیں چھپاؤں گا اور کبھی بھی نہیں توڑوں گا۔ اشعر نے کہا اللہ تعالی ہم سب کو پسند کرے گا ہمیں بہت ساری نیکیاں اور ثواب عطا فرمائے گا اور ہماری دعائیں قبول فرمائے گا انشاءاللہ۔














