"خواب نہ ٹوٹے"

آسیہ محمد عثمان

عبداللہ بہت زہین تھا ہر سال اوّل نمبر پرآتا تھا لیکن پچھلے کٸ ہفتوں سے اسکول نہیں آرہا تھا استاد جی نے پتہ کیا تو پتہ چلا کہ پچھلے مہینے

عبداللہ کے والد صاحب کمپنی سے بیس ہزار روپے تنخواہ لے کر نکل رہے تھے کہ دو مصلحہ افراد نے انھیں سنسان سڑک پر روک لیا عبداللہ کےوالد نے بغیر ضد بحث کے پوری تنخواہ ان کے حوالےکر دی۔

مگر پرس اپنی جیب میں ڈال لیا کیوں کہ اس میں ضروری کاغذات تھے ڈاکوؤں نے وہ پرس بھی چھینا چاہا تو عبداللہ کے والد نے گزارش کی کہ اس میں میرا شناختی کارڈ ہے یہ مجھے واپس کر دیں۔

بس یہی بات ڈاکوؤں کو بری لگ گٸ اور عبداللہ کے والد کو بری طرح زخمی کر دیا۔

اب انھیں پورا مہینہ ہوگیا ہے بستر پر ہیں کیوں کے گولی پیٹ میں لگی تھی جس کی وجہ سے اندرونی کچھ بیماریاں لاحق ہوگٸ اب عبداللہ کے والد نوکری پر تو جانا دور چل پھر بھی نہیں سکتے تھے۔

اسی لیۓ عبداللہ نے اسکول چھوڑ دیا۔استاد جی نے عبداللہ کی فیس معاف کر دی تاکہ عبداللہ پھر سے اسکول آجائے۔

لیکن عبداللہ نے انکار کر دیا کیوں کے وہ اب ایک بیکری میں نوکری کر رہا تھا صبح دس سے رات دس بجے تک وہ بری طرح تھک کر گھر لوٹتا اور اب عبداللہ کا ڈاکٹر بننے کا خواب ٹوٹ چکا تھاچھوٹے بہن بھاٸ کی تعلیم اور والد صاحب کے علاج کا خرچہ اب عبداللہ کے زمہ تھا۔

مکان کا کرایا اورخرچ عبداللہ کی والدہ سلائی کر کے پورا کر لیتی۔کچھ سال ہی گزرے تھے کہ والد صاحب اس بے رحم گولی کو برداشت نہ کر سکے اور پہنچ گۓ آپنی التجا لے کر آخری عدالت میں جہاں انصاف ہوتے ہیں۔

اب عبداللہ پراور بھی ذمہ داریاں بڑھتی جارہیں تھیں۔عبداللہ کی والدہ دمے کی مریضہ بن گٸ تھی سو پہلے جیسی محنت نہیں کر سکتی تھی وقت کے ساتھ ساتھ والدہ بھی بستر سے لگ گئی۔اب عبداللہ نے اپنے چھوٹے بھاٸ ارحم کو بھی اپنے ساتھ کام پر لگا لیا تھا پھر سے ایک خواب ٹوٹ گیا تھا۔

ارحم جو ابھی ساتویں جماعت میں تھا اور ڈینٹس /دنتدان ساز بننا چاہتا تھا اب وہ بھی زندگی کی حقیقت سے واقف ہو گیا تھا۔

آج اس واقعے کو کوئی تین سال ہوگۓ میرے کانوں میں ایک جانی پہچانی آواز گونجی "خواب نہ ٹوٹے آنکھ نہ پھوٹے" لے لو بچوں رنگ برنگے چشمے لے لو۔

میں دوڑ کر گھر سے نکل گیا سامنے ایک بیس اکیس سال کا لڑکا ٹوٹی ہوئی چپل دو رنگ کے کپڑے پہنے چلّا رہا تھا۔ "خواب نہ ٹوٹے آنکھ نہ پھوٹے" لے لو بچوں رنگ برنگے چشمے لے لو۔

میں تیزی سے اس لڑکے کے گلے لگ گیا اور سوال کیا۔

میرے دوست عبداللہ تم کہاں چلے گئے تھے اور اتنے سال کہاں رہے تم سارے وعدے بھول گئے ہمارے خواب ۔ پھر میں نے ٹھیلے کی طرف دیکھا تم یہ سب کیا کر رہے ہو۔

عبداللہ نے کہا ہم خواب دیکھ سکتے ہیں پورے کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں مگر جب قسمت ہی ساتھ نہ دے تو کیا کر سکتے ہیں دوست۔

امّاں کے انتقال کے بعد مکان مالک نے گھر بھی خالی کرالیا اور پھر ہم روڈ پر آگئے کچھ دن بہت مشکل کے گزرے پھر میں نے چشموں کا کام شروع کردیا اور ارحم کو پھر سے اسکول بھیج دیا۔

یہ خواب واب ہم جیسے غریبوں کے دیکھنے کے نہیں ہوتے ہمیں حقیقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ہم ڈر جاتے ہیں۔دو وقت کی روٹی کھانا مشکل کر دی ہے اس مہنگائی نے سال میں ایک جوڑا بھی نہیں بنا سکا اپنا یہاں تک کہ انڈے مرغی تو دور کی بات ہے میں تو تڑکے والی دال کھانے کو بھی ترس گیا تھا۔ ضروری تو نہیں سب کے خواب پورے ہوں کچھ لوگوں کو اپنے خواب توڑ کر دوسروں کے حوصلے جوڑنے ہوں گے بس اسی لیۓ میں ارحم کا سہارا بن گیا۔

ویسے بھی اس زمین کے حکمران چاہے کتنے ہی ظالم کیوں نہ ہوجاٸیں پر تمام جہانوں کا ربّ وہ ظلم نہیں کرتا۔میں سب کے دکھ تو نہیں بانٹ سکتا پر کسی ایک کے لیۓ تو کچھ کر ہی سکتا ہوں رہی میرے ڈاکٹر بننے کے خواہش تو میں پیٹ کا ڈاکٹر بن گیا ہوں۔

میں نے حیرانی سے پوچھا کیا واقعی؟۔

عبداللہ نے ہنس کر ہاں میں سر ہلایا اور کہا سال بھر سے میں ہر رات کچھ بھوکے بچوں کو اپنے ساتھ کھانا کھلاتا ہوں کیا کریں مہنگائی اور غربت تو بڑھتی ہی جارہی ہے بس اسی طرح اپنے جیسے غریبوں کے پیٹ کا علاج مفت کر دیتا ہو۔اس کے بعد عبداللہ نے ٹھیلے کو دھکا دیا اور رنگ برنگے چشموں کی آواز ایک بار پھر گلی میں گونجنے لگی۔۔