
ام محمد عبداللہ
اطہر جیسے ہی دروازے کے قریب ہوا خوشی سے اس کی چیخ نکل گئی۔ یہ شیشے کا ایک وسیع و عریض عالیشان دروازہ تھا جس کے اطراف
رنگ برنگے ننھے منے پھولوں کی نفیس بیل نہ صرف اپنی بہار دکھا رہی تھی بلکہ اس کی مسحور کن خوشبو بھی فضا میں بکھری ہوئی تھی لیکن
اطہر کی خوشی کی وجہ دروازہ نہیں بلکہ اس کے اندر دکھائی دینے والا منظر تھا۔ دروازے کے پار اسے تاحد نگاہ ایک پارک دکھائی دے رہا تھا جہاں بہت سے خوبصورت بچے کھیل رہے تھے۔ پارک کے عین درمیان قسم قسم کے جھولے لگے ہوئے تھے، بالکل سادہ بھی اور بجلی سے چلنے والے تیز رفتار جھولے بھی۔ دائیں جانب شاندار سفید اور سیاہ گھوڑے، ہاتھی اور اونٹ چاق و چوبند بچوں کو سواری کروانے کے لیے موجود تھے۔ بائیں طرف موٹر بائکس، کاریں اور ہوائی جہاز حتی کہ اڑن طشتری کی سواری بھی موجود تھی۔ ٹرین اور ٹرین کی پٹری بھی دکھائی دے رہی تھی۔جھولوں کے ارد گرد ایسے لگتا تھا جیسے کوئی دریا بہہ رہا تھا جس میں کشتیاں چل رہی تھی۔ ان سب سے ہٹ کر ایک طرف جیسے کوئی فوڈ سٹریٹ موجود تھی جہاں انواع اقسام کے کھانے سجے ہوئے تھے۔
پارک میں ہر جانب پھول بھی کھلے تھے جن پر خوبصورت تتلیاں اور رنگ برنگے پرندے اڑ اور چہچہا رہے تھے۔
پارک میں موجود بچے کھیل رہے تھے، کھا پی رہے تھے، ہنس رہے تھے۔
اوہو مگر یہ کیا؟ اطہر نے دروازہ کھول کر اندر جانے کی کوشش کی تو اسے دروازہ بند ملا۔ ”دروازہ کھولو! میں اندر آنا چاہتا ہوں۔“ اس نے جیسے ہی دروازہ بجایا ایک سنہرے پروں والی پری اپنی سنہری چھڑی کے ساتھ آ موجود ہوئی۔
” پیارے اطہر! یہ دروازہ کھلوانے کے لیے آپ کو اس راستے سے آنا پڑے گا۔“
پری یہ کہہ کر غائب ہو گئی اور اطہر اس جانب دیکھنے لگا جس طرف پری نے اشارہ کیا تھا۔
یہ ایک پگڈنڈی تھی جس کے اختتام پر سبز پتوں سے ڈھکی ایک محراب بنی ہوئی تھی اورجس پرسنہرےالفاظ منقش تھے۔
” عشرہ ذوالحجہ“
اطہر بہت جوش سے محراب میں داخل ہوناچاہتا تھا لیکن وہ تو ایک جھٹکے سے باہر آ گراابھی اس کا سر چکرا ہی رہا تھا کہ اس کے قریب وہی سنہرے پروں والی پری ہوا میں اڑتے اڑتے آن رکی اور ہنستے ہوئے کہنے لگی۔
” اچھے لڑکے! وہ دیکھو ذوالحجہ کا چاند، دعا پڑھ لو تاکہ امن اور سلامتی سے عشرہ ذوالحجہ میں داخل ہو سکو۔“
” اطہر ذوالحجہ کا باریک سا چاند دیکھتے ہوئے ایک بار پھر جوش سے اٹھ کھڑا ہوا۔” دعا تو مجھے یاد ہے۔ اے اللہ! یہ چاند نکال ہم پر ساتھ امن، ایمان، سلامتی اور اسلام کے(اے چاند) میرا اور تیرا رب اللہ ہے۔“
اس نے خوشی خوشی دعا پڑھی اور محراب میں داخل ہو گیا۔ سامنے ایک وسیع شاہراہ تھی جس کے اطراف گھنے درخت شاہراہ پر سایہ کیے ہوئے تھے۔ وہ دو چار قدم ہی چلا کے ایک درخت نے جھک کر اس کا راستہ روک لیا۔ وہ اب آگے نہیں بڑھ سکتا تھا۔ اس نے پریشانی سے ادھر ادھر دیکھا کہ ایک سنہری چڑیا چونچ میں ایک سنہری ربن اس کی نگاہوں کے سامنے لہرا رہی تھی۔
ربن پر سرخ موتیوں سے لکھا تھا۔
” آگے بڑھنا ہے تو حج کی خواہش کرنا ہو گی۔ دعا اور کوشش سے کام لینا ہو گا۔“
جیسے ہی اس نے یہ عبارت پڑھی اسے یاد آیا کہ حج تو اسلام کے پانچ ارکان میں سےایک رکن ہے اور جو بھی حج پر جا سکتا ہو اسے خوشی خوشی یہ اہم فرض پورا کرنا چاہیے۔
” اللہ تعالٰی میں بھی حج کرنا چاہتا ہوں۔ آپ مجھے بھی اس کی توفیق دیں۔ آمین۔“ اطہر نے جیسے ہی دعا مکمل کی جھکا ہوا درخت ایک بار پھر سیدھا کھڑا ہو گیا۔ رستہ کھل گیا اور اطہر آگے بڑھنے لگا
لیکن چند قدم ہی چلا ہو گا کہ شوخ رنگوں میں سجی ہوئی ٹوکریوں میں چاکلیٹس، چپس اور جوسزز اس کے سامنے اس طرح آ گئے کہ وہ آگے نہیں بڑھ پا رہا تھا بلکہ اس کا آگے بڑھنے کو دل بھی نہیں چاہ رہا تھا وہ تو یہ سب کچھ یہیں بیٹھ کر کھانے کا سوچنے لگا تھا اور قریب تھا کہ وہ نیچے بیٹھ کر ایک ٹوکری پکڑ ہی لیتا کہ وہی سنہری پروں والی پری اور چڑیا آن موجود ہوئیں۔
”نادان لڑکے! یہ جنک فوڈ کھانا ہے یا اس حسین پارک کی فوڈ سٹریٹ کا بے مثال کھانا؟“ پری نے اس تنبیہ کی۔
”یقیناً میں وہ کھانا کھانا چاہتا ہوں۔“ اطہر کو جیسے ہوش آ گیا تھا
” تو جان لو! اللہ تعالی کو عشرہ ذوالحجہ کے پہلے نو دنوں کے روزے بہت پسند ہیں اور نو ذوالحجہ کے روزے کی بہت فضیلت ہے اس دن حاجی عرفات کے میدان میں اللہ تعالی کی عبادت کرتے ہیں اور باقی لوگ ان کے ساتھ روزہ رکھ کر اللہ تعالی کی عبادت میں شامل ہوتے ہیں۔“
” جی جی میں نو ذوالحجہ کا روزہ ضرور رکھوں گا۔“ جیسے ہی اطہر نے روزہ رکھنے کا عزم ظاہر کیا جنک فوڈ کی ساری ٹوکریاں غائب ہو گئیں اور وہ خوشی خوشی آگے بڑھنے لگا۔
تھوڑا آگے بڑھا تو شاہراہ کی بائیں طرف ایک سکرین پر وڈیو گیمز چل رہی تھیں اس کا دل چاہا وہ تھوڑی دیر وڈیو گیم کھیل لے لیکن جیسے ہی اس نے وڈیو گیم کی جانب قدم بڑھائے ایک سفید کبوتر جانے کہاں سے اڑتا ہوا آیا اور اس کے سامنے ایک خط پھینک کر چلا گیا۔
اطہر نے خط اٹھا کر کھولا تو لکھا تھا
یہ تمام کھیل صحت کے لیے خطرناک اور اس خوبصورت پارک تک پہنچنے میں رکاوٹ ہیں، اگر آپ پارک تک پہنچنا چاہتے ہیں تو ان دنوں میں آپ کو فرض نمازوں کے ساتھ ساتھ نوافل بھی ادا کرنے ہوں گے اطہر نے جیسے ہی خط پڑھا خوشی سے کہنے لگا میں نے تو رمضان المبارک میں تراویح ادا کی تھیں میرے لیے نفل پڑھنا مشکل نہیں میں ان شاءاللہ تعالی فالتو کھیل کود سے وقت بچا کر ان دنوں باجماعت نماز کے ساتھ ساتھ نوافل کا اہتمام بھی کروں گا جیسے ہی اطہر نے اس خیال کا اظہار کیا تمام ویڈیو گیمز اچانک غائب ہو گئیں اور وہ خوشی خوشی آگے بڑھنے لگا اگلے موڑ پر ہر طرف خوبصورت پرندے چہچہا رہے تھے اس نے غور سے پرندوں کی چہچہاٹ سنی تو اسے یہ بہت مانوس لگی،”ارے واہ یہ تو تکبیرات پڑھ رہے ہیں مجھے بھی تو تکبیرات یاد ہیں اور عشرہ ذوالحجہ میں تو تکبیرات کثرت سے پڑھتے ہیں میں ان شاء اللہ سارا دن دل دل میں اور کسی وقت بلند آواز میں بھی تکبیرات ضرور پڑھوں گا تکبیرات پڑھتے پڑھتےآگے سے آگے بڑھنے لگا مگر یہ کیا آگے جا کر یہ کھلی شاہراہ تو تنگ اور تاریک ہونے لگی تھیں اور نجانے کہاں سے کچی آبادی کےغریب بچے اس میں اس طرح آن بیٹھے تھے کہ رستہ بالکل بند ہو گیا تھا۔ مجھے بھوک لگی ہے اپنے کھانے میں سے کچھ کھانا دو میرے کپڑے پھٹے ہیں مجھے اپنے کپڑوں میں سے کچھ کپڑے دو مجھے بھی کھیلنا ہے اپنے کھلونوں میں سے مجھے کھلونے دو۔ وہ بچے فریاد کر رہے تھے۔ نہیں نہیں یہ سب چیزیں میری ہیں میں تمہیں کچھ بھی نہیں دوں گا، اس نے جیسے ہی انکار کیا راستہ بالکل بند ہو گیا ایک بار پھر وہی سنہری پری اس کے پاس آ گئی پیارے اطہر اپنی چیزوں میں سے جب اللہ تعالی کو راضی کرنے کے لیے ہم کسی کو چیز دیتے ہیں تو اسے صدقہ کہتے ہیں اس شاہراہ پر آگے بڑھنے کے لیے آپ کو صدقہ دینا ہوگا پری کی بات سن کر اطہر نے کچھ سوچا اور پھر اپنے کھانے میں سے کچھ کھانا اپنے کپڑوں میں سے کچھ کپڑے اور اپنے کھلونوں میں سے کچھ کھلونے اس نے ان بچوں کو دے دئیے۔ جیسے ہی اس نے یہ صدقہ کیا شاہراہ ایک مرتبہ پھر بہت وسیع اور روشن ہو گئی اور وہ مزے سے آگے روانہ ہو گیا وہ تکبیرات پڑھتا خوشی خوشی چلا جا رہا تھا کہ سنہری پری، چڑیا اور سفید کبوتر اس کے آس پاس اڑنے لگے اور اس سے کہنے لگے پیارے اطہر آپ اس شاہراہ پر کامیابی سے چل رہے ہیں ماشاءاللہ.. تبارک اللہ۔
اطہر کو وہ خوبصورت پارک اب بہت قریب دکھائی دے رہا تھا۔ وہ اس پارک تک پہنچنے کا راستہ کامیابی سے طے کر آیا تھا اور وہ وسیع و عریض شیشے کا دروازہ اس کے لیے کھل رہا تھا..... سنہری پری، چڑیا اور کبوتر کہہ رہے تھے اطہر کے لیے اس دنیا کی رحمتوں برکتوں میں بھی حصہ ہے اور آخرت کی کبھی نہ ختم ہونے والی تفریح اور خوشیاں بھی اس کے لیے محفوظ ہو چکی ہیں۔
اطہر بہت خوش اور نہال تھا،، ٹھنڈی اور خوشبودار ہوا کے جھونکے اسے پارک میں خوش آمدید کہہ رہے تھے۔
” اطہر اطہر بیٹا! اٹھو نماز فجر کا وقت ہو گیا ہے۔“اطہر کی امی جان اس کو جگا رہی تھیں وہ آنکھیں مل کر اٹھ بیٹھا،” امی امی جان وہ پارک وہ شاہراہ وہ پری چڑیا اور کبوتر وہ سب کیا تھا؟“ وہ اپنی امی جان سے پوچھنے لگا،” امی جان نے اطہر کو پیار سے دیکھا اور کہنے لگیں ایسا لگتا ہے تم نے کوئی خواب دیکھا ہے۔” جی ہاں! یہ خواب ہی ہو سکتا ہے اس نے اپنا خواب امی جان کو سنایا تو امی جان خوش ہوتے ہوئے بولیں ارے واہ اطہر عشرہ ذوالحجہ میں کرنے والے سارے کاموں کی فہرست تو آپ نے خواب میں بنا لی ہے۔
جی امی جان! فہرست اطہر نے بنائی ہے لیکن دیکھ لیجیے گا عمل تو میں ہی کروں گی۔ نور آپی نے شوخی سے کہا جو پاس ہی بیٹھی تھیں
جی سب سے پہلے تو میں ہی عمل کروں گا کیونکہ میں نے بھی تو دو جہانوں کی کامیابی حاصل کرنی ہے۔ اطہر نے جوش سے مکہ لہراتے ہوئے کہا تو امی جان خوشی سے ان شاءاللہ کہتے ہوئے ہنس پڑیں۔














