
ام حسن
احمد اوراسامہ اپنی سردیوں کی چھٹیوں میں نانی جان کےپاس رہنے گئے ہوئے تھے چونکہ سردیوں کے دن تھے اور صوابی شہر تھا۔ احمد سردیوں سے کافی پریشان تھا۔ایک
دن امی نے احمد کو کسی چھوٹے سے کام سے باہر جانے کو کہا تو احمد سردی کی وجہ سے وہ کام نہیں کرنا چاہتا تھا، لہذا باتیں بنانے لگا کہ بہت سردی ہے میں نہیں جا سکتا۔
نانی جان نے جب یہ صورتحال دیکھی تو بچوں کو اپنے پاس بلایا اور کہا پیارے بچو! چلوآؤ ایک کہانی سنتے ہیں۔
آج میں آپ کو ایک بہادربچے کی کہانی سناتی ہوں، جو کہ ہمارے صوابی کاہی رہنے والا تھا۔ بچے کوفوجی بننے کا بہت شوق تھا۔ پہلے پہل وہ پاکستان ایئر فورس میں شامل ہوا اور اس کے بعد اس نے پاک آرمی میں شمولیت اختیار کی اور مختلف محاذوں پر لڑا، اس کے بعد یہ جوان کارگل کی جنگ میں مختلف بٹالینز کو لیڈ کرتا رہا اور دشمن کو بھاری نقصان اٹھانے پر مجبور کیا۔
پیارے بچو! آپ کو معلوم ہے کہ جہاں بھی جس چھاؤنی میں مشکل پیش آتی ہے، اُس جوان کو اس چھاونی کا لیڈربنا دیا جاتا اوراللہ کی مدد سے وہ دشمن کو پیچھے ہٹانے میں کامیاب ہو جاتا۔ اس طرح ان چھاؤنیوں میں لڑنے کے بعد وہ ایک بہت ہی بلند و بالا، 75 فٹ اونچے برفانی ٹیلے پر اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ چڑھنے میں کامیاب ہو گیا اور پانچ مورچے بنائے، اور دشمن کو بھاری نقصان اٹھانے پر مجبور کیا۔
نانو! اتنی بلند پہاڑی وہ بھی برفانی!۔ وہاں تو بہت سردی ہوگی نا، احمد نےمعصومیت سےکہا۔
جی ہاں پیارے بیٹے! اس عظیم مجاہد نے نہ سردی کا خوف کیا اور نہ ہی بلند و بالا چوٹی پر چڑھنے کودشوار سمجھابلکہ وطن عزیز کی محبت اور اپنا فرض نبھانے کے لیے جان کی بازی لگا دی۔ یہ مجاہد انڈین آرمی کے ان نوجوانوں کو دیکھ چکا تھا جو نئے کمک کے انتظار میں ٹیلے کے پیچھے چھپ کے بیٹھے ہوئے تھے اس نوجوان نے ان کے اوپر حملہ کیا، اسی دوران ایک گولی اس ہر دل عزیز مجاہد کے سینے میں لگی اور وہ جام شہادت نوش کر گیا۔
معلوم ہے بچو! ”اس نوجوان کا نام کیا تھا؟۔“
کیا تھا نانو؟
”کرنل شیر خان“
جی ہاں ان کے بابا نے ان کا نام شیر خان رکھا تھا۔ لیکن دادا نےکرنل کا اضافہ کیا اور اس طرح یہ کرنل شیر خان کہلاتے ہیں۔ پاکستان نے اپنےاس عظیم مجاہد کو نشان حیدر سے نوازا۔
نانی کی یہ پرجوش کہانی سن کر احمد میں ایک نیا جذبہ پیدا ہوا، کچھ کر دکھانے کا جذبہ!اور وہ بھاگ کر امی کے پاس گیا: کام بتائیے امی۔۔۔میں ابھی کرآتا ہوں۔














