
جویریہ ریاض
آج جمعہ کا مبارک دن تھا۔ تختہ سیاہ پر آج کی حدیث لکھنے کی باری احمد کی تھی۔ احمد نے حدیث تحریر کی
”تم میں سے اس وقت تک کوئی شخص مومن نہیں ہو سکتا، جب تک کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کے لیے بھی وہ چیز پسند نہ کرے جو وہ اپنے لیے پسند کرتا ہے۔“ (صحیح بخاری: حدیث نمبر 13 باب الایمان)
احمد اپنا کام مکمل کر کے واپس آ کر اپنے دوست عبدالہادی کےساتھ سیٹ پر بیٹھ گیا۔ استاد صاحب نے حدیث کا مفہوم سمجھانا شروع کیا۔ سب بچے متوجہ ہو کر سننے لگے۔
جمعہ کے دن آدھی چھٹی کےباعث عبدالھادی اوراحمد 12 بجے گھرآجاتےتھے۔ان کا گھرسکول سے نزدیک ہی ایک آبادی میں تھا،لہذا دونوں دوست پیدل ہی سکول جایا کرتے تھے۔ سکول سے گھر کے راستے میں ایک بڑی سڑک بھی آتی تھی جس پر گاڑیوں اور بسوں اور موٹر سائیکلوں کا کافی رش ہوتا تھا۔وہ دونوں سڑک کنارے درختوں کی چھاؤں میں اٹھکیلیاں کرتے اور باتیں کرتےاپنا سفر طے کرتے تھے۔
دونوں دوستوں کو جدید اور تیز رفتار گاڑیوں کابہت شوق تھا۔ وہ راستےمیں جاتےہوئےہرنئے ماڈل کی گاڑی کو ”یہ میری گاڑی“ ”یہ میری“ کہہ کر کھیل کھیلا کرتے تھے۔ احمد نے عبدالھادی کو بتایا کہ اس نے اپنی پسندیدہ کار کے لیے پچھلی عید الفطر سے پیسے جمع شروع کرنے کر دیے تھے۔ ریموٹ کنٹرول کار کی قیمت 3 ہزار تھی۔
عبدالھادی ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھتا تھا۔احمد کی بات سن کر اس نے کہا کہ جب تم بھی یہ کار لو گےتو میں تمہارے گھر کار سے کھیلنے آیا کروں گا۔ یہی باتیں کرتےہوئے دونوں کا گھر آ گیا اور ایک دوسرے کو خدا خافظ کہہ کر دونوں نے اپنے گھر کی راہ لی۔
گرمیوں کی چھٹیوں میں احمد کی خالہ بیرون ملک سے اپنے بچوں کے ہمراہ آئی تھیں۔ایک روز سب سیر و تفریح کی غرض سےباہرگئےاورواپسی پر سب بچوں نے اپنے من پسند کھانے کھائے اور خریداری کی۔ شاپنگ مال میں سب اپنے اپنے پسندیدہ ریکس کی طرف متوجہ ہو گئے۔ احمد اور اس کا خالہ زاد بھائی علی بچوں کے کھلونوں والے حصے میں آ گئے۔ احمد اپنے خالہ زاد کو بتا رہا تھا کہ میں اس من پسند کھلونے کے لیے پیسے جمع کر رہا ہوں۔ یہ بات خالہ نے سن لی اور اپنے پیارے بھانجے کو سرپرائز کے طور پر وہ کار خرید کر تحفہ کر دی۔
اگلے روز جب اسےتحفہ دیا گیا احمد خوشی سے نہال ہوگیا اورفورا اپنی کارعبدالھادی کو دکھانےکے لیے لے گیا۔
عبدالھادی کی آنکھوں میں ایک حسرت سی اُمڈ آئی۔ جب اسے پتہ چلا کہ اسے یہ کارتحفے میں ملی ہے۔ احمد کو لگا کہ عبدالھادی نے اس کے اس تحفے پر کوئی خوشی کا اظہار نہیں کیا، اور ٹھیک سے کھیلا بھی نہیں۔
وہاں سے احمد جلدی ہی گھر لوٹ آیا اور خود گاڑی سے خوب کھیلا۔
عبدالھادی کی والدہ اپنے بیٹےکی افسردگی کو بھانپتےہوئے بولیں! ”بیٹا احمد آپ کے بھائی جیسا ہے اور آپ کواس کی خوشی میں خوش ہونا چاہیے تھا“۔ وہ جس خوشی اور محبت سے آپ کو اپنا تحفہ دکھانے لایا تھا آپ نے جواباً اس کے ساتھ ویسی خوشی کا اظہار نہیں کیا۔ آپ کے اس رویے سے اس کو کتنا دکھ ہوا ہوگا۔ میرے پیارے بیٹے جب کسی کے پاس کوئی نعمت دیکھتے ہیں تو ”ماشاءاللہ“ اور ”لا حول ولا قوۃ الا باللہ“ کہتے ہیں۔ آپ کو تو معلوم ہے اچھا مسلمان وہ ہے جو اپنے مومن بھائی کی خوشی میں خوش ہوتا ہے۔ اپنی والدہ کے پیار سے سمجھانے پرعبدالھادی کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور اس نے دل میں عہد کیا کہ وہ صبح احمد کے گھر جا کر اس کے کھلونے سے خوب سارا کھیلے گا۔
دوسری جانب احمد رات کو جب سویا تو اس نےخواب میں دیکھا کہ سکول میں گرمیوں کی تعطیلات کا آخری دن ہےاوروہ تختہ سیاہ پرچاک سے حدیث لکھ رہا ہے۔ حدیث کے الفاظ اور استاد صاحب کا سمجھایا ہوا مفہوم اس کے کانوں میں گونجنےلگا عبدالھادی کا اداس چہرہ اس کے ارد گرد گھوم رہا تھا اور وہ ہڑبڑا کر اٹھ گیا۔
صبح ہوتے ہی احمد نے اپنے گلک میں سے پیسے نکال کرامّی کو دیے اورکہا امّی مجھے ان پیسوں سے میرے تحفے سے ملتی ہوئی گاڑی لا دیں۔ امّی نے پوچھا احمد تم نے تو یہ پیسے اپنی کار کے لیے جمع کر رکھے تھے۔ اب تم اس سے کچھ اور چیز خرید لینا، لیکن اس نے اصرار کیا کہ اس کو وہی ریموٹ کنٹرول گاڑی ہی چاہیے۔ یہ بھی بتایا کہ وہ یہ گاڑی عبدالھادی کو تحفہ کرنا چاہتا ہے۔والدہ کے اصرار پر احمد نے ان کو ساری روداد سنائی اور اپنے پاس اس تحفے کو دیکھنے کے بعد عبدالھادی کے چہرے پر افسردگی کہ آثار کا بھی بتایا۔
احمد نے بتایا کہ ان کے استاد نے حدیث کے مفہوم میں جو باتیں سمجھائی تھی مجھے وہ سب یاد ہیں ہادی میرا بہت اچھا دوست ہے اور ”ربّ الرحمن“ نے میرے لیے اتنا اچھا سبب کر دیا ہے تو کیا میں اپنے اللّٰه کی خوشی کی خاطر اتنا بھی نہیں کر سکتا۔ استاد نے سمجھایا تھا کہ ”بہترین مومن وہ ہے جو چیز اپنے لیے پسند کرے وہی اپنے مسلمان بھائی کے لیے پسند کرے۔“ عبدالھادی کو بھی گاڑیوں کا بہت شوق ہے۔ احمد کی والدہ یہ بات سن کر بہت خوش ہوئی۔ انہوں نے فخر سے اپنے بیٹے کا ماتھا چوما اور ان کی آنکھیں خوشی سے جھلملا گئیں۔ انھوں نے احمد سے وعدہ کیا کہ وہ آج ہی شاپنگ مال سے وہ کار خرید کر عبدالھادی کو تحفہ دیں گی۔ احمد نے بھی خوشی کا نعرہ لگایا اور اپنی گاڑی سے کھیلنے میں مگن ہو گیا۔














