ایک حدیث ایک کہانی(افشو السلام بینکم)۔

سعدیہ عمیر

کشف ایک بہت ہی سمجھداراورسلجھا ہوابچہ تھا۔ اپنے محلے، اسکول اورخاندان بھر کا ہر دل عزیز تھا۔ اسکی عادت تھی کہ وہ ہر کسی کو سلام کرتا تھا۔

جب کہیں جاتا تو راہ گزرتے ہر چھوٹے، بڑے شخص کو سلام کرتا چاہے وہ شخص انجان ہی کیوں نہ ہو۔ جب وہ ایک بچے کو سلام کرتا دیکھتے توخود بخود ان کے دل میں کاشف کے لئے جگہ بن جاتی۔

ایک دن کاشف اسکول سے واپس گھرآرہا تھا تو ایک سنسان گلی سے گزرتے ہوئے دو آدمی تیزی سے اس کے قریب آئےاور اس کی ناک پررومال رکھ کربے ہوش کر دیا اور اپنے ساتھ لے گئے۔کاشف کو جب ہوش آیا تو دیکھا کہ اس کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے ہیں اور وہ ایک ایسےکمرے کے فرش پہ ہےجس میں ایک کرسی کے علاوہ کچھ نہیں۔

ابھی وہ اردگرد کا جائزہ لے رہا تھا کہ ایک شخص کمرے میں داخل ہوا اس کےمنہ پر ناک سے لے کردائیں کان کی جانب لمبا سا کٹ کا نشان بنا ہواتھا۔جیسے ہی وہ کمرے میں آیا کاشف نے اسے سلام کیا۔ اس شخص نے حیران ہو کرکاشف کی طرف دیکھا اور پوچھا کیا کہا۔؟

السلام علیکم انکل۔۔۔۔ وہ شخص بے یقینی سےکاشف کی طرف دیکھتے ہوئے بولا کہ تمہیں پتاہے کہ تم اغواہو گئےہو ؟ کاشف نے کہا جی انکل مجھے معلوم ہے۔ پھر بھی تم مجھے سلام کر رہے ہو۔؟ اس شخص نے حیرت سےپوچھا۔

کاشف بولا! انکل اغوا ہونےکا مطلب یہ نہیں کہ میں اپنے نبیﷺ کی سنت چھوڑدوں۔

میرے پیارے نبی خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ نے فرمایا ہے۔ " اَفْشُوالسَلَامَ بَیْنَکُمْ" یعنی آپس میں سلام کوعام کرو۔

اس لئے میں سب کو سلام کرتا ہوں۔اس شخص کا دل زور سےدھڑکا کہ ایک بچہ نبیﷺ کی چھوٹی سی سنت پہ عمل کرنا نہیں بھولا اورمیں کتنا براانسان ہوں اغوا جیسا بڑا گناہ کرتے ہوئےبھی اللّٰه تعالیٰ اور رسول اللّٰہ ﷺ کے احکام بھول گیا۔

اس کی آنکھوں سے آنسوں جاری ہو گئے۔اتنے میں دروازہ کھلا اور دوسرا شخص کمرے میں داخل ہوا۔ کاشف نے اسے بھی سلام کیا۔ لیکن وہ شخص شاید کچھ زیادہ جلدی میں تھا اس لئے کاشف کی طرف دھیان دیے بغیر پہلے شخص سے کہا ماجد اس لڑکے کی آنکھوں پہ پٹی باندھو،دوسری جگہ لے کر جانا ہے لیکن ماجد کی طرف نظر پڑتے ہی خاموش ہوگیا۔ ماجد اب ہچکیوں کے ساتھ رو رہا تھا۔ روتے ہوئے دوسرے شخص کو مخاطب کرتے ہوئے بولا۔

عرفان! میں اب اس بچے کو کہیں نہیں جانے دوں گا ،میں اسے واپس گھرچھوڑ کےآؤں گااور دوبارہ کسی بچے کو اغوا نہیں کروں گا۔

عرفان غصےسےدھاڑا۔ تمھارا دماغ خراب ہو گیا ہے۔؟ اتنی مشکل سے اتنے دنوں کے بعد ایک بچہ ہاتھ آیا ہےاورتم اسے چھوڑنے کی بات کر رہے ہو۔ دونوں میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ گھونسے، لاتیں اور سر کی ٹکر مارمار کے ایک دوسرے کو لہو لہان کر دیا۔ ماجدصحت میں اچھا تھا، اس لئے اس کا وار کاری ثابت ہوا اور عرفان بے ہوش ہوگیا۔ ماجد نے جلدی سے کاشف کے ہاتھ، پاؤں کھولے اور اسے لے کر باہر کی طرف بھاگا۔

گھر کےقریب پہنچ کر عرفان نے اپنی نم آنکھوں سےکاشف کو الوداع کہا اورعہد کیا کہ اب وہ کوئی غلط کام نہیں کرے گااورپیارے نبیﷺ کی سنتوں پر عمل کرے گا۔ اندھیراپھیل رہا تھا کاشف جب گھر کے نکڑپرپہنچا تو دیکھا کہ گھر کے باہر لوگوں کا ہجوم اکھٹا ہوا ہے اورسب کاشف کہ گمشدگی کے بارے میں بات کر رہے۔ ایک آدمی کی نظر کاشف پر پڑی تو زور سے چلایا! وہ رہا کاشف۔

سب کاشف کی جانب لپکےاس کے ابو کاشف کے پاس دوڑتے ہوئے آئےاور پوچھا کہ کہاں چلے گئےتھے؟ کاشف نے ساری بات بتائی تو اس کے ابو کہنے لگے کہ دیکھو کتنے لوگ تمہارے لئے پریشان تھے،میں تو انہیں جانتا بھی نہیں لیکن تمہارا سب کو سلام کرنے کی وجہ سے ان سے دلی تعلق قائم ہو گیا ہے،جس نے بھی تمہارے بارے میں سنا کہ تم اسکول سے واپس گھر نہیں آئے،سب فکر مند ہو گئے ۔ اور اپنے اپنے طور پر ڈھونڈتے رہے۔ابھی ہم سب مل کر پولیس کے پاس ہی جانے کی باتیں کر رہے تھے۔

کاشف نے کہا ابوجو شخص اپنے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کی سنتوں پرعمل کرتا ہو، اسے بھلا کیا نقصان پہنچ سکتا ہے۔ سب اس کی بات پر مسکرا دیےاور اثبات میں سر ہلاتے ہوئے اپنے اپنے گھر کی جانب چل دیے۔