اپنےدام میں آپ

غزالہ اسلم /کراچی

" چلوبچوں اپنی کلاس ورک کاپی نکالیں اور ایک صفحہ لکھائی کریں،جو سب سے اچھی لکھائی کرےگااسے ایکسیلینٹ ملے گا" مس کاشفہ نے کلاس میں

آتے ہی کہا ۔سب بچے لکھنے لگے ۔ پندرہ منٹ بعد سب بچوں نے لکھ لیا تو ان کی کاپی چیک کرکے سب سے اچھی لکھائی والی بچی کو ایکسیلینٹ دیا۔ اتنے میں پیریڈ ختم ہو گیا ۔کاشفہ ایک محنتی اور فرض شناس استاد تھیں۔ ہرکلاس میں بچوں پر محنت کرتیں ۔ اتنی توجہ اور پیار سے پڑھاتیں کہ کلاس کا ہر بچہ اچھےنمبروں سے پاس ہوتا۔

سب بچے مس کاشفہ کی تعریف کرتےاورمائیں بھی جب پیرنٹس ٹیچر میٹنگ میں آتیں تو مس کاشفہ کی تعریف کرتیں اور ان سے مل کر جاتیں ۔ میڈم صباحت کی نائب مس کرن کو نجانے کیوں مس کاشفہ سے چڑ تھی اور وہ میڈم کو بھی غلط سلط باتیں بتاکر مس کاشفہ سے متنفر کر چکی تھیں۔ ہر ٹیچر کا روز ایک فری پیریڈ ہوتا،اگر کوئی ٹیچر چھٹی کرلیتی تو اس کی جگہ کسی دوسری ٹیچر کو کلاس میں بھیج دیا جاتا۔

آج مس اسما نے چھٹی کرلی تو ان کی جگہ میڈم نے مس کرن کےمشورےسے مس کاشفہ کو بھیج دیا۔دوسرے دن کسی اور ٹیچر نےچھٹی کی تو  پھر مس کاشفہ کو بھیج دیا،حالانکہ کاشفہ کو بچوں کی کاپیاں چیک کرنی تھیں مگر وہ کچھ نہ بولیں تیسرے دن میڈم نیا ٹائم ٹیبل بنوانا چاہ رہی تھیں ،مس کرن نے یہ کام بھی مس کاشفہ کے ذمے لگا دیا ۔مس کاشفہ بھی حیران ہوتیں کہ مس کرن کیوں میرے پیچھے پڑی رہتی ہیں مگر کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی۔اگلے ہفتے اسکول کے بچوں کو پکنک پر لے جانا تھا اس سلسلے میں میڈم نے ٹیچرز کے ساتھ میٹینگ رکھی اور ہر ٹیچر کو کوئی نہ کوئی ذمے داری دی ،بچوں کو گن کر  بس میں بٹھانا اور پکنک پر ان کا دھیان رکھنا پھر واپس گن کر بس میں بٹھانا اور اسکول میں اندر لانے کی ذمے داری بہت مشکل تھی ،کوئی ٹیچر یہ کام کرنے کو تیار نہیں تھی ،مس کرن نے کہا " یہ کام مس کاشفہ بہت اچھے طریقے سے کر سکتی ہیں کیونکہ سب بچے ان کی بات مانتے ہیں اور تعریف کرتے ہیں" ۔مجبورا کاشفہ نے ہاں کردی ۔ہفتے والے دن پکنک تھی ،سب ٹیچرز تیار ہوکر آئیں تھیں۔

 مس کاشفہ بھی گلابی سوٹ میں بہت اچھی لگ رہی تھیں ۔8 بجےسب بچے آگئےتھے ۔ تھوڑی دیربعد دو بسیں بھی آگئیں مس کاشفہ نے ہاتھ میں لسٹ پکڑی اور  پہلی بس میں جن بچوں کو بٹھانا تھا ان کے نام پکارنے لگیں ۔تیس بچے پہلی بس میں بیٹھ گئے ان کی نگرانی مس آصفہ کو دی ،دوسری  بس میں جن بچوں کو بٹھانا تھا ان کے نام پکارے  اور ان تیس بچوں کی ذمے داری مس کاشفہ کی تھی باقی ٹیچرز میڈم کی گاڑی میں تھیں ۔یہ قافلہ پکنک کے لے " سند باد " فن لینڈ کی طرف روانہ ہوا ۔سب خیریت سے فن لینڈ پہنچے مس آصفہ نے لائن بنوا کر بچوں کو پارک میں داخل کروایا، اسی طرح مس  کاشفہ نے بھی کیا دو گھنٹے بچوں نے جھولے جھولے ،چیزیں کھائیں ،سب بہت خوش تھے ،ساڑھے گیارہ بجے میڈم نے کہا" مس کاشفہ سب بچوں کو واپس بسوں میں بٹھائیں تاکہ ہم ساڑھے بارہ تک اسکول پہنچ جائیں ۔

مس کاشفہ نے پہلی بس کے بچوں کے نام پکا رے تیس بچےبس میں بیٹھ گئے،مس آصفہ بھی بیٹھ گئیں ،دوسری بس کے بچوں کے نام پکارے تو انتیس بچے موجود تھے مگر ارسل نامی بچہ نہیں تھا تھوڑی دیر پہلے تک کاشفہ نے بچے گنے تھے سب موجود تھے اچانک ایک بچہ کہاں چلا گیا ۔ کاشفہ پریشان کھڑی تھی میڈم غصّے میں تھیں۔ کاشفہ نے سب بچوں سے باری باری ارسل کے بارے میں پوچھا ،ایک بچے نے بتایا تھوڑی دیر پہلے ارسل کے پیٹ میں درد ہو رہا تھا،کاشفہ فوراً واش روم کی طرف بھاگی دیکھا تو ارسل واش روم سے باہر نکل کر ہاتھ دھو رہا تھا۔"ارسل آپ مجھے بتاۓ بغیر کیوں واش روم گئے ،کسی ٹیچر کو بتا کرجانا چاہیے تھا ہم لوگ کتنا پریشان ہو گئے تھے۔

" کاشفہ نے ارسل کو ڈانٹا بھی اورگلے بھی لگا لیا۔" مس آپ مجھے نظرنہیں آئیں تو میں نےمس کرن کو بتایا تھا کہ میں باتھ روم جارہا ہوں "۔کاشفہ ارسل کا ہاتھ پکڑ کر میڈم کے پاس لے آئی ۔ ارسل نے سب کے سامنے بتایا کہ میں مس کرن کوبتا کر گیا تھا ،مس کرن کو میڈم نےڈانٹا کہ "آپ نے اسی وقت مس کاشفہ کو کیوں نہیں بتایا،جب وہ بس میں بچوں کو بٹھا رہی تھیں ؟"۔مس کرن سب کے سامنے شرمندہ ہوگئیں"  سوری میڈم میں نے ٹھیک سے سنا نہیں تھا"۔

آخرکار سب بچے اور ٹیچرز واپس خیریت سےاسکول پہنچے جہاں والدین اپنے بچوں کو لینے آچکے تھے۔ مس کرن کا منصوبہ جو انہوں نے مس کاشفہ کو شرمندہ کرنے کے لیے بنایا تھا وہ خود ان کے اوپر پلٹ گیا اوروہ سب ٹیچرز اور بچوں کے سامنے شرمندہ ہوگئیں ،انہوں نے آئندہ کے لیے توبہ کرلی کہ کسی کے لیے برا نہیں چاہوں گی اور اسکول پہنچ کر مس کاشفہ سے بھی معافی مانگ لی ۔