کتنا مزہ آیا نا ۔۔۔۔

فاطمہ عمیر

ہم نے اسد کو سائیکل کا لالچ دیا کہ تم ہم کویہ سب سامان لا کر دو پھرہم تمہیں سائیکل چلانے کے لیے دیں گے اور جب اس نے سارا کام کر دیا تو ہم نے

اسے سائیکل چلانے کے لیے نہیں دی ۔ اس کی شکل دیکھنے والی تھی ۔

زبیر نے بڑے فخر سے رات کے کھانے پر اپنے چھوٹے بھائی کو ساری روداد سناتے ہوئے کہا کیسا لگا میرا مذاق۔ 

یہ سب باتیں دادا جان خاموشی سے سنتے رہے اور کھانے سے فارغ ہو کر زبیر اور عمیر کو اپنے کمرے میں آنے کو کہا

جب زبیر اور عمیر دادا جان کے کمرے میں پہنچےتو دادا جان نے کہا کہ بیٹا میرا چشمہ نہیں مل رہا۔تم سے ایک چھوٹا سا کام ہے تم تو جانتے ہو روزانہ رات کو کچھ نہ کچھ پڑھ کر سوتا ہوں ۔ پڑھے بغیر مجھے نیند نہیں آتی اب میرا چشمہ نہیں مل رہا تو اب میں کیسے پڑھوں تو تم میں سے کوئی ایک مجھے میری کتاب کا ایک صفحہ پڑھ کر سنا دو۔

تو زبیر نےکہا کہ دادا جان اتنا سا کام ابھی کردیتا ہوں ۔زبیر نے کتاب اٹھائی دادا جان نےکتاب میں قلم رکھا ہوا تھا جس صفحے کو پڑھنا تھا۔

یہ  تو ایک حدیث ہے کہ

رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا

لوگوں کا مذاق اڑانے والے ہر فرد کے لیے قیامت کے دن جنت کا ایک دروازہ کھولا جائے گا اوراسے کہا جائے گا تشریف لائیے،وہ غم کے ساتھ آئے گا اور جیسے ہی دروازے تک پہنچے گا،اس پر دروازہ بند کر دیا جائے گا پھر اس پر دوسرا دروازہ کھولا جائے گا اور کہا جائے گا کہ آئیے آئیے تو وہ اپنے مصائب اور علم کے ساتھ آئے گا جو نہی وہ قریب پہنچےگادروازہ بند کر دیا جائے گا۔یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا یہاں تک کہ جب کسی کے لیے جنت کا دروازہ کھولا جائے گا اور کہا جائے گا کہ آؤ تو وہ مایوسی کے سبب وہاں آنے اور داخل ہونے کی ہمت نہ کرے گا ۔

(عن حسن بیھقی)

بس بیٹا آج کی حدیث ہو گئی۔ اب جاؤ اور جا کر سو جاؤ اور جزاک اللہ کہ تم نے میرا یہ کام کر دیا ۔

زبیر سمجھ چکا تھا کہ دادا جان نے حدیث پڑھانے کے بہانے اس کی اصلاح کا کام کیا ہے۔اس نے سوچا کہ میں نے بھی تو اسد کے ساتھ یہی کام کیا ہے۔زبیر نے اپنے دل میں ارادہ کیا کہ اب آئندہ میں کسی کا مذاق نہیں اڑاؤں گا ایسا نہ ہو کہ قیامت کے دن میرے ساتھ بھی یہی مذاق ہو۔