
غزالہ اسلم / کراچی
ریحان اور رضوان اسکول سےآئے تودونوں چپ چپ سے تھے،امی نے وجہ پوچھتی تو کہنے لگے کہ ہمارے دوست فہد کےابو کا ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے۔ اس وجہ سے وہ آج
اسکول نہیں آیا ۔امی نے کہا"اچھا تم لوگ کھانا کھاؤ پھر مدرسے کی تیاری کرو ،شام کو مدرسے سے آؤگے تو ہم فہد کے گھر جاکر اس کے ابو کی طبیعت پوچھنے چلیں گے ۔" سب نے کھانا کھایا اور ریحان رضوان مدرسے چلے گئے ۔جب مدرسے سے واپس آئے تو امی کے ساتھ فہد کے گھر گئے جو کچھ فاصلے پر تھا ۔بچے فہد کے ابو کے پاس جاکر بیٹھ گئے اور امی فہد کی امی سے پوچھنے لگیں کہ ایکسیڈنٹ کیسے ہوا ۔" بس بہن کیا بتاؤں مہنگائی کی وجہ سے فہد کے ابو آفس کی چھٹی کے بعد کچھ وقت بائکیا چلاتے ہیں ۔کل سواری کو چھوڑ کر واپس گھر آرہے تھے کہ ایک گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی اور وہ گر پڑے ۔ گاڑی والا تو بھاگ گیا مگر راہگیروں نے اسپتال پہنچایا ۔ایک ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی ۔مہینے کی آخری تاریخیں چل رہی ہیں گھر میں راشن بھی ختم ہے۔فوری طبی امداد تو سرکاری اسپتال میں مل گئی مگر دوائیں خریدنے کے لیے بھی پیسے نہیں ". اتنا کہہ کر وہ رونے لگیں ۔
امی نے پرس سے دو ہزار روپے نکال کر فہد کی امی کو دیے،وہ منع کرنے لگیں مگرامی کے اصرار پر رکھ لیے ۔تھوڑی دیر بعد امی رضوان ریحان کو لےکر گھر آگئیں ۔رات کو ابو آئے تو امی نے ان سے ذکر کیا ۔" تم نے بہت اچھا کیا جو ان کو پیسے دے دیے ،میں جانتا ہوں فہد کے ابو کو وہ بہت خوددار ہیں مگر مشکل وقت میں اپنے مسلمان بھائی بہن کی مدد کرنی چاہیے " ۔
کیسی عجیب بات ہے جب ہم شادی میں جاتے ہیں تو کوئی تحفہ یا پیسوں کا لفافہ ضرور دیتے ہیں مگرجب عیادت کو جاتے ہیں تو خالی ہاتھ چلے جاتے ہیں ۔جب کے اس وقت مریض کو زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے آئندہ کسی کی عیادت کو جائیں تو کوئی پھل یا کچھ روپے ضرور دیں ۔














