
ام محمد عبداللہ
مصعب اورزیان بہت اداس تھے۔چھٹیوں کااختتام ہو چکا تھااورآج انہیں دادا جان کے خوبصورت باغ اورمحبت بھرے گھر کو چھوڑ کرواپس جانا تھا۔ دادا
جان کے ساتھ گزارا گیاہر لمحہ،باغ میں لگائےگئے پودےاور کہانیوں بھری شامیں ان کےدلوں کو بہت عزیز تھیں لیکن آج وہ اپنےپیارے دادا جان سے بچھڑنے کا سوچ کر غمگین تھے۔
دادا جان باغ کےایک کونے میں اپنےپودوں کو پانی دے رہے تھے۔جب انہوں نے دیکھا کہ دونوں بھائی اداس اور خاموش ہیں تو وہ ان کے قریب آئے اور مسکراتے ہوئے بولے
"میرے پیارے بچوکیا بات ہے؟آج باغ میں ہاتھ بٹانےکےبجائےمنہ پھلائے بیٹھے ہو؟"
زیان نے آہ بھری اور کہا،"دادا جان، ہمیں یہاں بہت اچھا لگتا ہےلیکن اب چھٹیاں ختم ہو گئیں اور ہمیں واپس جانا پڑ رہا ہے۔"
دادا جان نے ان کےسرپر شفقت سے ہاتھ رکھا اور بولے
"ارے، اتنا غمگین کیوں ہوتے ہو؟ میں تمہیں ایک کام دیتا ہوں جو تمہارے جانے کے بعد بھی تمہیں خوشی دے گا۔"
مصعب نے چونک کر پوچھا،"وہ کیا کام ہےدادا جان؟"
دادا جان نے باغ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا
"تم دونوں باغ اور اس کےاطراف میں گھومو پھرواوراپنی اپنی پسند کے بیج چن لاؤ۔ہم انہیں یہاں بودیں گے۔ میں ان کا خیال رکھوں گااور جب تم دوبارہ آؤ گے تو دیکھو گے کہ وہ بیج کیسے خوبصورت پودوں میں بدل گئے ہیں۔"
یہ سن کر دونوں خوشی خوشی دوڑے اور اپنی اپنی پسند کے بیج لےآئے۔ دادا جان نے دونوں سے بیج لےکرزمین میں دبا دئیے اور کہا
”اب دیکھنا ان بیجوں سے نکلنے والے پودے تمہاری محبت اور محنت کا عکس ہوں گے۔ ان شاء اللہ “
چند مہینے پلک جھپکتے گزر گئے۔ چھٹیاں ہوئیں تودونوں بھائیوں کودوبارہ دادا جان کے گھر آنے کا موقع ملا۔ باغ کا منظر دیکھ کر وہ حیران ہی رہ گئے۔ مصعب کے بیج گل اشرفی کے خوشبو دار اور رنگین پھولوں سے بھرے پودے میں تبدیل ہو چکے تھےجبکہ زیان کے بیج کانٹوں بھری بے ترتیب جھاڑی کی صورت پھیلے ہوئے تھے۔
دادا جان نے دونوں کو اپنے پاس بلایا اور کہا
"میرے بچو!یہی ہماری زندگی کا اصول ہے۔ ہم جو بیج بوتے ہیں،اسی کے نتائج ہمیں ملتے ہیں۔ اگرہم اچھی عادات، نیک کام اور اچھے لوگوں سے محبت کریں تو ہماری زندگی پھولوں کی طرح مہکنے لگتی ہے۔ اگر ہم برے کاموں اور غلط لوگوں سے محبت کریں تو ہماری زندگی کانٹوں بھری بے ترتیب جھاڑی جیسی ہوجاتی ہے۔“
دونوں بچے گم صم حیرت زدہ پھولوں اورکانٹوں پر نگاہ جمائے کھڑے تھے۔
داداجان نے بچوں کےسروں پر شفقت سے اپنے ہاتھ رکھے اور انہیں حدیث مبارکہ سنانے لگے :
"قَالَ رَسُوۡلُ اللہ ﷺ: اَلْمَرْءُ مَعَ مَنْ اَحَبَّ۔"
(آدمی قیامت کے دن اسی کے ساتھ ہوگا جس سےوہ دنیا میں محبت کرتا ہے)
دادا جان نے نرمی سے پوچھا، "اب بتاؤ، تم دونوں دنیا میں کس کے ساتھ رہنا اور قیامت کے دن کس کے ساتھ ہونا چاہتے ہو؟"
مصعب اور زیان نے ایک ساتھ جواب دیا"ہم نیک لوگوں کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تاکہ قیامت کے دن ہمیں بھی ان کے ساتھ جنت میں جگہ ملے!"
دادا جان مسکرا دیے اور کہا، "بس یہی تمہاری کامیابی کا راز ہے۔ اچھے بیج بونے کی مانند نیک اعمال اور نیک لوگوں سے محبت کرنا۔“














