بدلے کا بیج

  یسرا مزمل

کیا آپ لوگ جانتے ہیں کہ لڑائی کیسے بڑھتی ہے؟ لڑائی کی ایک جڑ ہوتی ہے اور وہ ہے"بدلہ"۔یعنی اگر میں کسی بچے کو ماروں اور پھر وہ بچہ

پلٹ کر مجھے مارے تو یہ اس نے "بدلے کا بیج" بو دیا. اور جواب میں اگر میں اسے پھر ماروں اور وہ بھی مجھے پلٹ کر مارے تو اس طرح ہم بیچ کو پانی دے رہے ہوتے ہیں اور اگر بدلہ لینے کا یہ سلسلہ چلتا رہے تو یہ ایسے ہے جیسے ہم نے بیج کو ننھا پودا بنا دیا۔اور اگر آگے سے دوسرے بچے نے مجھے برے الفاظ کہے اور بدلے میں، میں نے بھی برے جواب دے دیے تو یہ ایسے ہے جیسے ہم نے پودا بڑا کر لیا۔پھر اگر یہ لڑائی مزید چلتی رہے تو یہ اس طرح ہے کہ جیسے ہم نے پودے کو ایک بڑا درخت بنا دیا جس کی جڑیں مضبوط ہو چکی ہیں۔ اب نہ ہی یہ درخت آسانی سے جڑ سے نکل سکتا ہے اور نہ ہی بدلے کا بیج ہمارے دلوں سے!!!!

 

ایک دفعہ کا ذکر ہے ایک خنزیر دلدل میں بیٹھا ہوا تھا۔دلدل اس کا گھر ہوتا ہے ،وہ آسانی سے اپنے آپ کو اس میں سنبھال سکتا ہے۔ اس نے شیر کو دور سے آتا دیکھا تو سوچا کیوں نہ اس کا امتحان لوں۔ اس نے شیر پر کیچڑ پھینکی اور کہا'اگر ہمت ہے تو آؤ اور مجھ سے اس دلدل میں مقابلہ کرو"۔

 

یہ سن کر شیر کے جذبات بھڑک اٹھے اور اس نے سوچا کہ اگر میں اس سے بدلہ نہیں لوں گا تو میری عزت خراب ہو جائے گی۔ میں تو جنگل کا بادشاہ ہوں اور بہادروں کا سردار بھی اس کو ابھی مزہ چکھاتا ہوں ۔ یہ سوچتے ہوئے شیر غرایا اور آؤ دیکھا نہ تاؤ دلدل میں چھلانگ لگا دی۔ دلدل شیر کا گھر نہیں تھا نہ ہی اسے دلدل میں چلنا آتا تھا۔ شیر بیچارہ غصے کی آگ میں چھلانگ تو لگا بیٹھا لیکن اب بری طرح پھنس چکا تھا۔ وہ جتنے ہاتھ پاؤں چلاتا اتنا ہی دلدل میں ڈوبتا جاتا اور آخر کار وہ ڈوب کر مر گیا۔  دوسری طرف وہ خنزیر آرام سے ہنستا ہوا دلدل سے نکل کر اپنی راہ چلا گیا۔

 

تو میرے پیارے قارئین اس کہانی سے ہمیں یہ سبق سیکھنا چاہیے کہ ہر دفعہ بدلہ لینا ضروری نہیں ہوتا۔ اگر ہمارے سامنے کوئی ایسا رویہ آ جائے جسے دیکھ کر ہمیں غصہ آنے لگے تو ذرا تھوڑی دیر رک کر یہ سوچنا چاہیے کہ میرے بدلہ لینے سے کیا نتیجہ نکلے گا؟ جیسا کہ شیر نے نتیجے کی پروا کیے بغیر خود ہی دلدل میں چھلانگ لگا دی اور مارا گیا۔ 

 

جس طرح شیر نے یہ سوچا کہ اگر میں بدلہ نہیں لوں گا تو میری عزت میں کمی آ جائے گی بالکل اسی طرح ہمارے ساتھ بھی کئی بار ایسا ہو جاتا ہے۔ ہم بھی یہ سوچ کر فوراً بدلہ لیتے ہیں کہ اگر ہم بدلہ نہیں لیں گے تو سب لوگ ہمارا مذاق اڑائیں گے ۔ہماری عزت خراب ہو جائے گی۔ دنیا میں بہت سے ایسے لوگ ہمیں ملتے ہیں جو جان بوجھ کر ہمیں چھیڑتے ہیں کہ اگر تم بہادر ہو یا طاقتور ہو تو آؤ ہم سے لڑو۔  اصل میں ایسے لوگ ہمارے جذبات سے کھیل کر ہمیں مصیبت میں ڈالنا چاہ رہے ہوتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاموشی اختیار کریں اور بدلے میں ایسا جواب نہ دیں جس سے لڑائی اور بڑھے۔

 

جیسا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:۔

"من صمت نجا"

ترجمہ: "جو خاموش رہا اس نے نجات پائی ۔"