
اسما ء معظم
ہیں لوگ وہی جہاں میں اچھے
آتے ہیں جو کام دوسروں کے
شہیر نویں جماعت کا طالب علم تھا۔وہ اپنے ماں باپ کے ساتھ رہتا تھا۔اس کے والد ملازمت پیشہ تھے۔یہ متوسط درجے کا ایک گھرانہ تھا۔شہیر نہایت ذہین طالب علم تھا ۔ اس کی
نمایاں خوبی یہ تھی کہ وہ سب کا بھلا چاہنے والا اور خیرخواہ تھا۔ جس کی وجہ سے وہ لوگوں میں مقبول تھا۔ وہ کمرے کے ایک کونے میں بیٹھا گہری سوچ میں تھا کہ اس کے کانوں میں آواز آ ئی۔
شہیر !ارے بھئی شہیر کہاں ہو؟
کتنی دیر سے میں تمہیں آواز دےرہی ہوں۔ کہاں چلے جاتے ہو؟
آ رہا ہوں امی۔۔۔ شہیر نے جواب دیا ۔
جی امی جان کہیے کیا بات ہے؟ میں آ پ کے پاس ہی آ رہا تھا۔وہ امی کے پاس آ کر بولا ۔
شکر خدا کا تم نے آ واز تو سنی ۔میں تمہیں کب سے پکار رہی ہوں۔
کہاں تھے تم؟
میں کمرے میں ہی تھا۔شہیر نے کہا۔
تم آ ج کچھ چپ چپ سے دکھائی دے رہے ہو۔خیریت ہے شہیر؟جو بھی بات ہے، مجھےسچ سچ بتاؤ ؟
امی اصل میں میری کلاس میں ایک نیا لڑکا آیا ہے ۔۔احمر نام ہے اس کا۔اس کے والد کا پچھلے سال انتقال ہوگیا تھا۔ وہ بہت غریب ہے امی۔۔۔۔امی وہ آ ج رو رہا تھا ۔۔۔۔ جب سر نے پوچھا تمہاری کاپی کہاں ہے تو وہ اور پریشان ہوگیا۔
اچھا ۔۔۔۔! تو یہ بات ہے! تم اس کو ایک کاپی خرید کر دے دینا۔
ٹھیک ہے امی۔۔میں احمرکو ایک نئی کاپی خرید کر دے دوں گا ۔
اچھا شہیر اب تم مجھے بازار سے گھر کا سامان لا دو۔ رمضان آنے میں چند ہی دن رہ گئے ہیں ۔میں نے سوچا سامان پہلے لے کر رکھ لوں، آسانی ہو جاتی یے۔روزے میں تمہیں بار بار بازار بھیجنا مجھے اچھا نہیں لگتا۔پھر عید بھی آ جائے گی۔
یہ کہہ کر امی پیسے اور سامان کی فہرست لینے چلی گئیں ۔۔۔۔شہیر پیسے اور فہرست لےکر سامان لینے چلا گیا۔ اس نے کچھ ہی دیر میں سارا سامان لا کر امی کو دے دیا۔
اگلے دن اسکول میں پیریڈ ختم ہونے کے بعد وقفے میں شہیر کھیل رہا تھا۔تو اس نے دیکھا احمر اداس بیٹھا ہے۔۔۔یہ دیکھتے ہی وہ اس کے پاس گیا اور اس سے پوچھا!
احمر کیا بات ہے تم اداس دکھائی دے رہے ہو؟
ہمدردی پا کر احمر کا دل پگھل گیا ، وہ گویا ہوا!۔
پیارے دوست میرے ابا جان کا انتقال ہو گیا ہے ۔میں اور میری اماں اب تنہا رہ گئے ہیں ۔رمضان بھی آ رہا ہے ،اماں گھر کے اخراجات کی وجہ سے پریشان ہیں۔ اب ہم لوگ روزے کیسے رکھیں گے ۔
شہیر نے سوچا، جیسے میری امی رمضان کے سودا سلف اور عید کی تیاری کے لئے فکر مند ہیں۔ ایسے ہی احمر اور اس کی اماں کو بھی فکر ہے۔۔اسی اثناء میں چھٹی کا وقت ہو گیا ۔ دونوں اپنے اپنے گھروں کی طرف روانہ ہو گئے ۔
گھر آ کر اس نے اپنی امی سے احمر اور اس کی اماں کی پریشانی کا تذکرہ کیا اور کہا امی ہمیں ان کی مدد کرنی چاہئے ۔
شہیر کی امی بولیں!
" بیٹا تم نے بالکل ٹھیک سوچا ۔دنیا میں ایسے لوگوں کی مدد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے ۔ہم اپنی تیاریوں اور دنیا کی رنگینیوں میں اس قدر کھو جاتے ہیں کہ اپنے اردگرد کے غریب اور پریشان حال لوگوں کو بھول جاتے ہیں ۔۔۔۔۔۔بیٹا ہم ان کے لئے بہت زیادہ تو نہیں کرسکتے۔لیکن میں ضروری سامان کی فہرست تمہیں بنا دوں گی وہ سامان تم بازار سے لے آ نا ۔ہم وہ سامان تمہارے دوست کے گھر لے جائیں گے ، رمضان کا تحفہ کہہ کر دے دیں گے۔
چنانچہ ایسا ہی ہوا ۔شہیر اور اس کی امی سامان کا ایک پیکٹ سا بنا کر احمر کے گھر پہنچے ۔دونوں دوستوں کی ماؤں کا آپس میں تعارف ہوا۔ پھر شہیر کی امی نے چلتے وقت خاموشی اور خوبصورتی سے وہ پیکٹ احمر کی امی کے حوالے کر دیا ۔اس پیکٹ میں وہ چار کاپیاں بھی موجود تھیں جن کا اضافہ شہیر نے کروایا تھا ۔
اگلے دن اسکول میں احمر کی ملاقات جب شہیر سے ہوئی تو وہ شہیر کے گلے لگ گیا۔۔دونوں کی آ نکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔شہیر کے ذہن میں علامہ اقبال کا یہ شعر گونجنے لگا!
ہیں لوگ وہی جہاں میں اچھے
آ تے ہیں جو کام دوسروں کے
اسماء معظم کراچی














