ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلادیش کے ممکنہ بائیکاٹ پر پاکستان کا بھی بائیکاٹ پر غور

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے بھارت کے خلاف میچ کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کے مطالبے کو مسترد

کیے جانے کے بعد پاکستان کی جانب سے بھی ورلڈ کپ کے بائیکاٹ پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر بنگلادیش ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کرتا ہے تو پاکستان کے بھی ایونٹ کے بائیکاٹ کا امکان موجود ہےتاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق فیصلہ کرے گا،بنگلادیش ٹیم کے کئی سینئر کھلاڑی ایونٹ میں شرکت کے حق میں ہیں، جبکہ بنگلادیش حکومت بھی آج کھلاڑیوں کو اعتماد میں لے کر حتمی موقف اختیار کرے گی۔

دوسری جانب بنگلادیش کے اسپورٹس ایڈوائزر نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ہنگامی مشاورت کیلئےطلب کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیش کی درخواست باضابطہ طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ اگر بنگلادیش نے ورلڈ کپ کھیلنا ہے تو میچز میزبان ملک بھارت میں ہی کھیلنا ہوں گے،کرکٹ سے متعلق ویب سائٹس کے مطابق بنگلادیش کے بھارت نہ جانے کی صورت میں آئی سی سی متبادل ٹیم کو ورلڈ کپ میں شامل کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔