بریانی

عالیہ زاہد بھٹی

اک عجیب سی ہلچل مچی ہوئی تھی ۔ فضا میں مہکتی ہوئی بریانی کی خوشبو اور دھڑا دھڑ کھنکھناتے ہوئے برتنوں کے بے ہنگم سے شور کے ساتھ

بریانی کی پلیٹیں لپک لپک کر لیتے ہوئے لوگوں کی آوازیں اک عجیب نامانوس سی اکتاہٹ تھی جو اس منظر کو دیکھ کر اسے ہورہی تھی ۔ اسے یاد تھا کہ بچپن میں ابا کی انگلی پکڑ کر جب وہ گلی کے نکڑ پر واقع مشہور ترین بریانی کی دکان سے جب بریانی خریدنے جاتا تو اسی طرح کا شوروغوغا ہوا کرتا تھا ہر طرف مجھے دو بریانی،میری آٹھ بریانی ،ایک تھیلی میری ،مصالحہ کم ،ارے آلو تو ڈالو ، نہیں بوٹی نہیں اس کے بدلے چاول زیادہ ،،،،،،
پھر اس کی آنکھوں نے وہ منظر بھی دیکھا کہ وہ اب ایک بھر پور جوان رعنا تھا جم سے واپسی پر خود اپنے لیے دو فل پلیٹ بریانی ساتھ آدھ لیٹر کوک کا کین لئے گھر میں داخل ہوا ماں کی بنائی ہوئی دال کو نگاہ غلط انداز سے رد کیا اور اپنے کمرے میں بریانی کھانے چلا گیا۔
منظر بدلا اب وہ تھوڑا بردبار ہے اور اس کی بیوی تخلیق کے مراحل سے گزر رہی تھی اس کی فرمائش پر بریانی لاکر اسے کھلاتے ہوئے جب بیوی نے اسے بھی کھانے میں شریک ہونے کا کہا تو باوجود بھوک اور طلب کے اسے بس یہ خواہش تھی کہ اس کی بیوی پیٹ بھر کر کھالے میری خیر ہے مہینے کا آخر تھا اس میں بیوی کی حالت کے پیشِ نظر وقت بے وقت فرمائشیں بھی دیکھنی تھیں تو ایسے میں ،،،،،،،،،،
"نہیں تم کھاؤ مجھے بھوک نہیں ہے"
اس نے سہولت سے منع کر دیا اور کچن میں لگے سنک کی ٹونٹی سے دو گلاس فل پانی کے پی کر اوور ٹائم لگانے چلا گیا
پھر دوسرے منظر میں وہ اپنے بیٹے کی انگلی پکڑ کر گلی کے نکڑ والی دکان سے بریانی لینے کھڑا ہوا تھا اور ایسے ہی کئ اور منظر دیکھتے دکھاتے وہ اس آخری منظر میں واپس آ گیا تھا یہ بہت ہی زیادہ بھیانک منظر تھا اس کا جی چاہ رہا تھا ان مانوس اور نامانوس سی آوازوں کے بیچ میں سے اٹھ کر چلا جائے کہیں دور بریانی کی یہ مانوس سی خوشبو اسے وحشت زدہ کر رہی تھی مگر آج نہ اس کے قدم ہلنے کو تیار تھے اور نہ ہی ان آوازوں کو اور اس خوشبو کو روکنے کی طاقت اس میں تھی وہ تو اس منظر میں "میت" کے روپ میں تھا جسے ابھی قبرستان لے جا کر دفنایا جانا تھا
اس کے وارثین نے انتہائی جانفشانی اور چابک دستی کا ثبوت دیا تھا میت کی تدفین سے پہلے ہی بریانی کی دیگیں پہنچ گئ تھیں تاکہ جو لوگ صرف جنازہ پڑھ کر جانے والے تھے ان کے ساتھ پارسل بریانی تو ہونی ہی چاہیے تھی سو یہ سارا شور اسی لیے تھا بریانی تو ہر کسی کو پسند ہوتی ہے ناں ،،،،
اب وہ" میت" بن چکا تھا تو یہ اس کا قصور تھا لوگوں کا کیا قصور ،،،،"