
طوبیٰ احسن
کل ہی دوسری سہ ماہی کا آخری پرچہ تھا۔ امتحان کے اختتام پرسب ہی خوش تھے۔
"پھر کیسے ہوئے آپ سب کےامتحان۔" مس شائستہ جو کہ کلاس ٹیچر تھیں طالبات سے مخاطب تھیں۔
" بہت اچھے very good" مختلف آوازیں ابھریں۔
" اچھا آج کیونکہ پیپرز کےبعد پہلا دن ہے تو آج ہم پڑھائی نہیں کریں گے بلکہ کچھ گفتگو کریں گے۔ ٹھیک ہے؟ "
مس شائستہ کی اس بات سےسب لڑکیاں خوش ہوگئیں۔
" آپ کی دلی خواہش کیا ہے؟ کوئی خواہش یا آرزو جو پوری نہ ہوئی ہو۔ "
ٹیچر کے کہنے پر سب لڑکیاں ایک ساتھ بولنے لگیں۔
"نہیں نہیں ایسے نہیں۔ باری باری بولیں۔ چلئے ساریہ آپ بتائیں۔"
" مس میری خواہش یہ ہےکہ میں بڑے ہو کر ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں۔"
" اچھا مہرین آپ بتائیے۔"
" ہوں پائلٹ۔ واہ "
پھر آہستہ آہستہ ایک ایک کر کے تمام لڑکیاں اپنی اپنی مستقبل کی منصوبہ بندی اور خواہشات کے بارے میں بتانے لگیں۔ ششم جماعت میں سب سے پچھلی ڈیکس پر بیٹیھی ثنا اپنی باری کی منتظر تھی۔ اس کا چہرہ جوش سے تمتما رہا تھا اس کے ہونٹ بار بار اپنی بات کہنے کے لئے بے تاب ہو رہے تھے۔ مس ایک ایک کر کے سب لڑکیوں سے پوچھ رہی تھیں۔ اور وہ ذہن میں اپنے الفاظ ترتیب دے رہی تھی۔ کہ مس جب اس سے پوچھیں گی۔ کہ اسکی دلی خواہش کیا ہے تو وہ کہے گی کہ مس میں چاہتی ہو کہ میں اپنے ماں باپ کے ساتھ رہوں۔
کیسی عجیب خواہش تھی کہ ثنا اپنے والدین کے ساتھ رہنا چاہتی تھی۔ اس کی تو کوئی بچہ بھی خواہش نہیں کرتا۔ کیونکہ سب ہی بچے اپنے والدیں کے ساتھ رہتے ہیں۔ ہاں اگر والدین زندہ نہ ہوں۔ نہیں آپ غلط سمجھے۔ ثنا کے والدیں حیات تھے لیکن پھر بھی وہ دونوں کے ساتھ نہیں رہ سکتی تھی۔ بھلا وہ کیوں......؟ زیادہ اندازے لگانے کی ضرورت نہیں ن ہم آپ کو بتائے دیتے ہیں۔
دراصل ثنا کے پاپا شہزاد حسین لاہور میں جاب کر تے تھے۔ جبکہ ثنا کراچی میں اپنی امی اور دادی کے ساتھ۔ رہتی تھی۔ دو منزلہ بلڈنگ تھی۔ اوپری منزل میں ثنا کے چاچو فرہاد جبکہ نچلے حصے میں ثنا رہتی تھی۔ثنا کی امی عالیہ شہزاد بہت پڑھی لکھی اور قابل خاتون تھیں اور وہ بھی جاب کرتی تھیں۔
ویسے اگر ہم ثنا کی خواہش کا تزکرہ کرہی رہے ہیں تو یہ بتادیں کہ ثنا کی خواہش نمبر 2 کیا تھی ۔ کاش میری امی پڑھی لکھی نہ ہوتیں۔ میرے پاپا کسی گاؤں کی جاہل خاتون سے شادی کرتے۔ لیکن افسوس ثنا کی پہلی خواہش کی طرح یہ خواہش بھی پوری نہں ہوسکتی تھی۔ اب ظاہر ہے کہ کوئی اپنے والدین یا والدین میں سے کسی ایک کو تبدیل نہیں کرسکتا۔ ایسا نہیں ہے کہ ثنا اپنے والدین سے محبت نہیں کرتی تھی ۔ محبت تو کیا بلکہ شدید قسم کی محبت لیکن پھر بھی وہ عنیزہ کے مما پاپا کی بیٹی بننا چاہتی تھی۔اس کی تیسری خواہش یہ تھی کہ رات کو جب وہ سوئے اور صبح اٹھے تو وہ عنیزہ کے گھر میں ہو۔ عنیزہ جیسی امی اس کو بھی چاہیئں تھیں۔ جو روز اس کے لئے لنچ تیار کرتی تھیں۔ ناشتہ بناتی تھیں۔ عنیزہ کی امی پراٹھے بہت مزے کے بناتی تھیں ۔ پھر جب وہ اسکول جانے لگتی تو وہ اس کا ماتھا چومتیں۔ لنچ یاد سے کھانے کی تاکید کرتیں۔ گھر سے نکلنے کی دعا کی یاددہانی کراتی تھیں۔ اگر کبھی عنیزہ لنچ بھول جاتی تو اس کی امی اسکول میں اس کا لنچ خود دینے آتیں۔
جبکہ ثنا کے لئے اس کا تصور بھی محال تھا۔ چونکہ امی خود بھی جاب کرتی تھیں اسی لئے ان کو بھی ثنا کے ساتھ ہی نکلنا ہوتا تھا۔ وہ صبح اتنی جلدی میں ہوتی تھیں کہ ثنا خود ہی تیار ہوتی۔ ناشتے میں ڈبل روٹی پاپے ہوتے جس کا اکثر اس کو کھانے کا دل نہیں چاہتا تھا۔ اور وہ عموماً ناشتے کے بغیر ہی اسکول چلی آتی تھی ۔ مہینے کے شروع میں اس کو پاکٹ منی مل جاتی تھی جس سے وہ اسکول کینٹین سے لنچ خرید لیتی۔ اور جب وہ بازاری چپس اور بسکٹ کھا رہی ہوتی تو عنیزہ کے لنچ بکس سے اسکی امی کے بنائے ہوئے پراٹھے اور کباب کی خوشبو اس کو ضرور متوجہ کرتی۔ "کاش.." پھر وہ سوچا کرتی
کاش میری امی جاب نہ کرتیں۔
کاش میری امی پڑھی لکھی نہ ہوتیں۔
وہ مجھے گھر میں صبح صبح پراٹھے بنا کردیتیں۔
عنیزہ کے پاپا بھی ثنا کے آئیڈیل پاپا تھے
لیکن ظاہر ہے کہ ہرخواہش پوری نہیں ہوتی۔ ثنا نے بھی ان خواہشات پر سمجھوتہ کرلیا تھا۔ لیکن ایک خواہش ایسی تھی جس کو وہ دل سے نکالنے پر تیار نہ تھی وہ یہ کی وہ مما پاپا دونوں کے ساتھ رہنا چاہتی تھی۔
پاپا کی جاب لاہور میں تھی۔ پہلے پاپا بھی کراچی میں ہی جاب کرتے تھے۔ اور ممی بھی لیکن پانچ سال پہلے ان کا ٹرانسفر لاہور میں ہوگیا۔ پاپا چاہتے تھے کہ ممی جاب چھوڑ دیں۔ کیونکہ پاپا کی تنخواہ اعلیٰ اور جاب شاندار تھی لہذا ان کو ممی کی جاب کی ضرورت بھی نہ تھی۔ پاپا کو لاہور میں بڑا اچھا گھر کمپنی کی طرف سے دیا گیا تھا جس کو پاپا نے اچھی طرح سجا لیا تھا۔ ضرورت کی ہر چیز میسر تھی۔ لیکن ممی اپنی جاب چھوڑنے پر تیار نہ تھیں۔ یہ ان کے کیرئیرکا مسئلہ تھا۔ ممی نے بہت کوشش کی کہ ان کا ٹرانسفر لاہور میں ہو جائے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ لہذا ممی اور ثنا کراچی می ہی رہ گئے اور پاپا لاہور چلے گئے۔ گرمیوں کی چھٹیوں میں مما اور ثنا بھی لاہور چلے جاتے تھے۔ ممی اپنے آفس سے چھٹیاں لے لیا کرتی تھیں۔ گورنمنٹ جاب تھی۔ وہ دن بھی بڑے اچھے ہوا کرتے تھے۔ روزانہ شام کو ممی پاپا اور ثنا گھومنے جاتے ۔ اور پاپا ثنا کو اچھے اور عمدہ کھلونے دلواتے۔ آئسکریم کھانا، چڑیا گھر کی سیر اور نہ جانے کیا کیا۔جب وہ کراچی واپس آتے تو ثنا کتنے ہی دن اداس رہتی۔ اس کو پاپا یاد آتے رہتے۔ وہ روزانہ رات کو سونے سے پہلے یہ دعا کرتی کہ اے اللّٰہ میں ممی پاپا دونوں کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔ اے اللہ میری یہ خواہش پوری کردے۔ اگرچہ یہ ناممکن نظر آتا تھا۔ لیکن جب سے اسلامیات کی ٹیچر نے یہ بتایا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہر ناممکن کام کو ممکن بنا سکتے ہیں اللہ ہر چیز پر قادر ہیں ساری قوت و طاقت کا سرچشمہ خدا کی ذات ہے اور خدا معصوم بچوں کی دعا کبھی رد نہیں کرتا۔بس یہ ہے کہ خدا کی ذات سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ دیر سویر دعا ضرور قبول ہوتی ہے۔ تو ثنا کی دعاؤں میں بھی اضافہ ہوگیا۔
ثنا تو دعا مانگ رہی تھی لیکن اس کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ثنا کے ممی پاپا بھی انہی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اور ایک دن ان کی کوشش رنگ لے آئی ۔ اور ممی کا تبادلہ لاہور میں ان کی کمپنی کی برانچ میں ہو گیا تھا۔ آج ثنا بہت خوش تھی حالانکہ دادی سے دور ہونے کا غم، اسکول چھوڑنا اپنی دوستوں سے دوری لیکن پاپا سے ملنے اور ان کےساتھ رہنے کی خوشی تمام غموں پر بھاری تھی۔ اور آج ثنا بے حد خوش تھی سامان پیک ہو چکا تھا۔ اور آج رات کو وہ بذریعہ جہاز لاہور کی طرف روانہ ہو رہے تھے۔
پاپا نے اپنا ذاتی گھر خرید لیا تھا۔ گھر بےحد خوبصورت اور اچھے علاقے میں تھا۔ گھر دیکھ کر ممی بھی بہت خوش تھیں۔ گھوم پھر کر پورے گھر کا جائزہ لینے کے بعد یہ منصوبہ بندی ہورہی ہوتی کہ گھر کو کس طرح سجایا جائے، صوفے کہاں رکھے جائیں وغیرہ وغیرہ۔ ثنا بھی بےحد مسرور تھی۔
جلد ہی ثنا کا لاہور کے ایک اچھے اسکول میں داخلہ ہوگیا تھا۔ ممی بھی اپنی جاب جوائن کرچکی تھیں۔ اور سب کچھ بلکل اچھی طرح سیٹ ہوچکا تھا۔ دوپہر کو پاپا چھٹی کے وقت ثنا کو گھر لے کر آتے۔ ممی تو چار بجے پہنچتی تھیں لیکن پاپا اس کے ساتھ ہی لنچ کرتے پھر اس کو بستر پر لٹا کر دوبارہ اپنے جاب پر چلے جاتے۔ ممی بھی چار بجے تک آجاتیں۔ رات کا کھاناسب ملکر کھاتے۔ زندگی میں اطمینان تھا۔ راوی چین ہی چین لکھ رہا تھا۔
آج اتوار کا دن تھا۔ شاید پاپا کچھ پریشان تھے اور ممی بےحد غصے میں۔ جب ہی وہ تکیے منہ پر رکھے لیٹے تھے۔ اور ممی مسلسل غصہ کئے جارہی تھیں۔ نہ جانے کیا بات تھی ممی کو غصہ کیوں آرہا تھا۔ ثنا بہت پریشان ہو رہی تھی۔ کچھ نہ کچھ بات تھی۔ لیکن ممی کے غصے سے بچنا بھی ضروری تھا۔ اس نے دل میں سوچا اور اپنا اسکول بیگ نکال لیا۔ ہوم ورک کرنا ہی ایک ایسا کام تھا جو ممی کے غصے کو کم کرسکتا تھا۔ اس نے دل سوچا۔ بیڈروم سے ملحق کمرے میں بیٹھ کروہ اپنا کام دیکھنے لگی۔ جبکہ ممی پاپا کے زور زور سے بولنے کی آواز نے اس کو اپنی طرف متوجہ کرلیا۔ نہ جانے کیا بات تھی۔ ممی کی آواز اس نے غور سے سنی۔ " میں آپ کو ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔ ثنا کو بھی آپ کی بے حد ضرورت ہے۔ دیکھیں وہ پہلے کتنی اداس رہتی تھی اب جب سے ہم لاہور آئے ہیں وہ کتنا خوش رہنے لگی ہے۔ "
" میں جانتا ہوں۔ " پاپا کی آواز بھاری ہو رہی تھی۔ "اسی لئے میں خود بھی بے حد پریشان ہوں۔"
" آپ اس مسئلے کا کوئی اچھا سا حل نکالئے۔ "
"میں سوچ رہا ہوں۔ " پاپا اداسی سے کہ رہے تھے۔ "یقیناً کوئی مناسب سا حل نکل ہی آئے گا۔ تم فکر نہ کرو۔ "
ثنا کا دل اچھل کر حلق میں آگیا۔ آخر کیا مسئلہ ہے۔پاپا کہاں جارہے ہیں۔ وہ پریشان ہو کر سوچنے لگی۔
پھر دوسرے دن پاپا آفس نہیں گئے۔ اور پھر کئی دن گذر گئے۔ وہ کبھی اخبار دیکھتے کبھی اپنا لیپ ٹاپ کھول کر کچھ نہ کچھ ڈھونڈتے رہتے۔
آہستہ آہستہ ثنا کو سب کچھ معلوم ہوگیا۔ دراصل ثنا عام بچوں کی طرح نہیں تھی۔ بلکہ وہ بےحد حساس تھی اور ذہین بھی۔ دراصل پاپا کو ان کی نوکری سے نکل دیا گیا تھا۔ اب وہ کوئی دوسری جاب ڈھونڈ رہے تھے۔ اور ان کو کراچی میں بےحد عمدہ جاب مل رہی تھی۔ انکی سوچ اور ضرورت کے عین مطابق۔ لیکن آج جب وہ لاہور میں ملازمت کرنا چاہتے تھے تو لاہور میں کوئی اچھی ملازمت نظر نہیں آرہی تھی۔
ممی کا تبادلہ بہت مشکل سے کراچی سے لاہور ہوا تھا۔اب تو گھر اور ثنا کا اسکول بھی بہت اچھی طرح سیٹ ہوچکا تھا۔ اب کیا کیا جائے۔
یہ مسئلہ گویا مسئلہ کشمیر کی شکل اختیار کرچکا تھا۔ نہ جائے ماندن نہ پائے رفتن والی صورتحال تھی۔روزانہ ممی پاپا کی بحث ہوتی اور کوئی نتیجہ نہیں نکلتا۔ آخر وہ دن آہی گیا جب پاپا اپنا سامان پیک کرکے کراچی کے لئے نکل رہے تھے اور ممی اور ثنا لاہور میں اکیلی تھیں۔ یہاں تو دادی اور چاچی بھی نہیں تھیں۔ آخر کیا کیا جائے۔ اس مسئلے کا بھی حل نکال لیا گیا۔ اور نانی کو ممی نے اپنے ہاں بلوالیا تھا۔
نانی کی آمد اگر کسی اور موقع پر ہوتی تو ثنا خوشی سے کھل اٹھتی کیونکہ نانی ثنا کو بےحد پسند تھیں۔ نانی اس کے ساتھ کھیلتیں باتیں کرتیں اور کہانیاں سناتیں اور وہ مزے مزے کے بسکٹ اور مٹھائی بھی بناتیں۔ ان کے پاس دو برنیاں ہوتیں جس میں وہ اپنے ہاتھ سے بنائی گئی مٹھائی اور بسکٹ رکھا کرتیں اور جو بھی بچہ ان کے پاس آتا وہ اسکو برنی میں سے کوئی چیز کھانے کے لئے دیتیں۔ ثنا کی تو بات ہی نرالی تھی۔
جب نانی سو جاتیں تو وہ چپکے سے نکال کر کھاتی۔ نانی کو پتا بھی چل جاتا تو بھی وہ ثنا کو کچھ نہ کہتیں۔ ثنا ان کی بےحد لاڈلی تھی۔ لیکن پاپا کی تو بات ہی الگ تھی۔پاپا کے کراچی جانے کی وجہ سے وہ بہت اداس تھی۔ اس نے پاپا کو خداحافظ بھی نہیں کہا۔ پاپا نے خود زبردستی اس کو گلے سے لگایا۔ اسکی آنکھیں بھر بھر آرہی تھیں۔ آنسو آنکھوں سے باہر نکلنے کے لئے بےتاب تھے۔ اور حلق میں پھندا سا لگ رہا تھا۔ پاپا بےحد جلدی میں تھے۔ وہ لیٹ ہورہےتھے اس لئے انھوں نے ثنا کی طرف دھیان بھی نہیں دیا۔ پاپا کے جانے کے بعد وہ دیر تک تکیے میں منہ دابے روتی رہی۔ ممی نہ جانے کہاں تھیں۔
اسکول کے لئے وین لگوالی تھی۔ جب وہ اسکول سے گھر آتی تو نانی موجود ہوتیں۔ لیکن پاپا کی عدم موجودگی ثنا کو بے حد ناخوش رکھتی۔ وہ خدا سے بھی ناراض تھی۔ کہ خدا نے اس کی دعا قبول کرنے کے بعد رد کردی تھی۔
آج پیرینٹس ٹیچر میٹنگ تھی۔ پاپا موجود نہیں اور ممی کو آفس سے چھٹی نہیں مل رہی تھی تو انہوں نے نانی سے کہا کہ آپ ثنا کے اسکول چلی جائیں۔ میٹنگ سے واپسی پر نانی بلکل خاموش تھیں اور ثنا وہ تو ممی پاپا کے میٹنگ میں شریک نہ ہونے کی وجہ سے بے حد غصے میں تھی۔ سب بچے اپنے ممی پاپا کے ساتھ آئے ہوئے تھے ایک ثنا تھی کتنی بدنصیب جس کے والدیں کے پاس اس کے لئے وقت نہیں تھا۔ وہ بہت اداس اور خفا تھی۔ وہ نانی سے بھی ٹھیک طریقے سے بات نہیں کررہی تھی۔ " میں کھانا نہیں کھاؤں گی مجھے بھوک نہیں ہے۔" گھر پہنچ کر اس نے صاف صاف نانی کو بتا دیا۔ نانی بلکل خاموش رہیں۔ یقیناً ثنا کے ساتھ کچھ مسئلہ تھا۔ اس کی ٹیچر نے کہا تھا۔ وہ کلاس میں ایک ماہ سے بہت ڈسٹرب رہتی ہے۔ ہر وقت کچھ نہ کچھ سوچتی رہتی ہے یا پھر لڑتی رہتی ہے اس کو ٹیسٹ بھی ٹھیک سے یاد نہیں ہوتا۔ جبکہ اس سے پہلے وہ بہت اچھا پڑھتی تھی اور کلاس میں بچوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آتی تھی۔
نانی ثنا کی کیفیت سے بےحد پریشان تھیں۔ رات کو بستر پر لیٹ کر انھوں نے ثنا کو پری کی کہانی سنائی جو سب کی مدد کرتی تھی سب کے کام آتی تھی اور بہت خوش اخلاق تھی۔ کسی سے لڑائی جھگڑا نہیں کرتی تھی۔ پھر انہوں نے ثنا کے سر پر ہاتھ پھیرا اور پیار سے پوچھا کہ ثنا اداس کیوں ہو؟ یہ پوچھنا تھا کہ ثنا کی آنکھوں سے ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگے۔ وہ رو رہی تھی۔ نانی حیران تھیں۔ ممی تو کب کی سو چکی تھیں۔
" میں ممی اور پاپا دونوں کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں نانی" ثنا نے بھرائی ہوئی آواز میں کہا۔
کیا؟ نانی حیران ہو گئیں۔ وہ ثنا کا مسئلہ سمجھ رہی تھیں۔
اگلے دن ثنا اسکول سے گھر آئی تو نانی کے ساتھ ممی بھی گھر پر موجود تھیں۔ ممی کی آنکھوں میں آنسو تھے اور وہ پریشان محسوس ہورہی تھیں۔ " کیا ہوا ممی؟ " ثنا گھبرا کر بولی۔
کچھ نہیں بیٹا۔ کوئی مسئلہ نہیں۔ آپ کھانا کھاؤ گی؟ چلیے میں آپ کو کھانا دیتی ہوں۔" ممی نے اپنے اوپر قابو کرکے جلدی جلدی کہا۔ ثنا چپ ہوگئی۔ ممی کچن میں آکر کھانا نکالنے لگیں۔ ثنا کو تو زوروں کی بھوک لگ رہی تھی۔ وہ جلدی سے یونیفارم تبدیل کرکے باہر آئی تو نانی اور امی کی باتوں کی آواز آرہی تھی۔
" مجھ کو تو بےحد گھبراہٹ ہورہی ہے امی۔ " ممی نانی سے مخاطب تھیں۔ ان کی آواز بھرائی ہوئی تھی۔
" بس دعا کرو کہ سب ٹھیک ہو۔ "
" اتنا بڑا مسئلہ ہوگیا ہے اور میں یہاں اتنی دور بیٹھی ہوں۔ ان کا خیال بھی نہیں رکھ سکتی۔ "
" میں تم سے یہی تو کہ رہی ہوں کہ آخر تم کب تک تنہا رہو گی۔ تمہارا شوہر جہاں ہو تمہیں وہیں رہنا چاہیے۔ " ثنا چھپ کر ساری باتیں سن رہی تھی۔ " ثنا کی حالت بھی ٹھیک نہیں ہے وہ بھی اپنے باپ کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔ میں نے تمہیں بتایا نہیں ......'' نامی کی آواز آہستہ ہوگئی۔ وہ اب سرگوشی میں بات کررہی تھیں۔ ثنا کو اب آواز آنا بند ہوگئی۔ لہٰذا وہ جلدی سے کچن میں داخل ہوگئی۔ " لائیں ممی کھانا۔ مجھے بہت بھوک لگ رہی ہے۔ " ثنا نے ایسے ظاہر کیا جیسے اس نے کچھ سنا ہی نہ ہو۔ جیسا کہ ہم پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ ثنا بہت ہوشیار بچی تھی۔ اس نے معلوم کر لیا کہ اصل بات کیا تھی۔دراصل پاپا کا ایک خطرناک ایکسیڈنٹ ہوگیا تھا۔ اور وہ ہاسپٹل میں ایڈمٹ تھے۔ جسکی وجہ سے ممی آفس سے جلدی گھر آگئی تھیں۔۔دوسرے ہی دن وہ کراچی جانے کے لئے تیار تھے۔ ثنا بہت خوش تھی۔ کراچی میں دادی اور چاچی اور اپنے کزنز سے ملنا اور پھر اب وہاں پاپا بھی تھے۔
پاپا سے ملکر ثنا کی ساری خوشی ماند پڑگئی۔ ان کا پٹیوں میں لپٹا وجود ہاتھ میں لگی ڈرپ اور نقاہت زدہ چہرہ دیکھ کر ثنا بہت پریشان ہوگئی۔ پاپا بہت کمزور ہوچے تھے۔
" اے اللّٰہ میرے بابا کو جلد ازجلدصحتیاب کردے۔" ثنا دعا مانگ رہی تھی۔ ایک ہفتے بعد جب پاپا ہاسپٹل سے گھر آئے تو ثنا اور ممی کو واپس لاہور جانا تھا۔ ممی کی چھٹیاں ختم ہوگئی تھیں اور ثنا کی پڑھائی کا حرج ہورہا تھا۔
لیکن ثنا کا چہرہ بلکل اداس نہیں بلکہ پھول کی طرح کھلا ہوا ہے۔ بات بات پر ہنسی کیوں چھوٹ رہی ہے؟
دراصل کل رات ثنا بستر پر لیٹی ہوئی تھی۔ ممی یہ سمجھ کر کہ وہ سوچکی ہے پاپا سے بات کررہی تھیں,جبکہ ثنا جاگ رہی تھی۔ اس نے سن لیا جو کہ ممی پاپا سے کہ رہی تھیں۔۔"میں لاہور میں اکیلی نہیں رہ سکتی۔ امی کب تک میرے ساتھ رہیں گی؟ میں چاہتی ہوں کہ ہم اب ساتھ ساتھ رہیں یہ سال پورا کرکے جس کا ایگریمنٹ ہوچکا ہے میں جاب چھوڑ دوں گی۔ یا پھر آپ کوشش کریں کہ آپ کا ٹرانسفر لاہور ہو جائے۔ " ممی قطعی لہجے میں کہ رہی تھیں۔ ثنا کا خوش ہونا تو بنتا ہی ہے۔














