"وہ عجیب حادثہ۔۔۔"

ماہم احسن

میں نے کراچی کی سڑکوں پر بہت سےحادثات کا سنا ہےلیکن وہ حادثہ جو میرے ساتھ پیش آیا وہ مجھے ہمیشہ یاد

رہے گا۔ یہ حادثہ بلوچ کالونی میں پیش آیا۔

رات کے دس بج رہےتھے۔ اتوار کا دن تھا۔ ویسےتو میں رات کوکم ہی گھر سےنکلتا ہوں ،لیکن اس وقت مجھے انتہائی ضروری کام سے جانا ہوا۔ میں تیز تیزقدموں سے فٹ پاتھ پر چل رہا تھا۔ جب اچانک میری نظر ایک بوڑھی عورت پر پڑی۔ وہ مجھ سے کچھ پیچھے چل رہی تھی۔وہ بھی بہت زیادہ جلدی میں لگ رہی تھی۔وہ اتنی جلدی چل رہی تھی کہ چلتے چلتےمجھ سے بھی آگے نکل گئی لیکن اچانک پتا نہیں کیسے دیکھتے ہی دیکھتے اس کا پاؤں پھسلا اور وہ سڑک پر گرگئی۔

اسی وقت ایک گاڑی تیزی سےآرہی تھی۔گاڑی کا ڈرائیور صحیح وقت پربریک نہیں لگا سکااوراس عورت کے گرتے ہی اس کی دونوں ٹانگیں گاڑی کے نیچےآکرکچل گئیں۔

سب چند سیکنڈز میں ہوا۔ اس کی ٹانگوں سے تیزی سے خون نکلنےلگا اوروہ بےہوش ہوگئی۔ ایمبولینس کو بلایا گیااور اسے ہسپتال لےجایا گیا۔ میں مکمل حیران وپریشان تھا۔

کچھ عرصے بعد میں نے اسے پھر دیکھا۔ وہ وہیل چئیرپر تھی۔ اس وہیل چئیر کو وہ اپنی مدد آپ کے تحت چلا رہی تھی۔ مجھے اس کی اس حالت میں دیکھ کر بے حد افسوس ہوا۔ ایک معمولی غلطی سے انسان کی پوری زندگی کس قدر مشکلات میں گھر جاتی ہے۔۔