عمران اپوزیشن کو ملیامیٹ کر نا چاہتے ہیں،شہباز شریف

لندن(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)صدر ن لیگ نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کا ایک ہی ایجنڈا

ہے کہ کسی طرح اپوزیشن کو ملیامیٹ کر دیں۔
یہ بات انہوں نے لندن میں مڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہی۔شہباز شریف نے کہا کہ ان میں اپوزیشن کے خلاف بغض بھراہے،شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میٹرو ٹرین کے حوالے سے پی ٹی آئی حکومت نے مجرمہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔
قبل ازیں برطانیہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس سابق وزیراعلیٰ پنجاب، مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماں سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، سینئر رہنما خواجہ آصف، خرم دستگیر، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، احسن اقبال، امیر مقام اور رانا تنویر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران لیگی رہنماوں نے پارلیمنٹ میں ان ہاوس تبدیلی، احتجاجی تحریک، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن اور الیکشن کمیشن کے نئے چیئر مین کے حوالے سے بھی خصوصی تبادلہ خیال کیاگیا۔
ادھر لندن میں نواز شریف سے شہباز شریف کی اہم ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔شہبازشریف نے نوازشریف کو پارٹی کے اہم فیصلوں سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے تمام جماعتوں سے رابطوں اور گرینڈ تحریک شروع کرنے پر بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔