دیپال پور(ویب ڈیسک) صالحووال میں ڈکیتی کی لرزہ خیز واردات ،ڈاکوﺅں نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ۔ آئی جی پنجاب سےبھی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے ،آر پی او ساہیوال طارق عباس قریشی سمیت پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے ۔
ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے 7 ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ، تھانہ صدر دیپال پور کے نواحی علاقہ صالحووال میں خالد علی کے گھر میں سات ڈاکو دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے ،اہلخانہ کو یرغمال بنا کر ایک کمرے میں بند کر دیا اور گھر میں موجود خاتون (ن) کو دوسرے کمرے میں لے جاکر چار ڈاکوﺅں نے زبردستی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا ، بعد ازاں ڈاکو ہزاروں روپے نقد اور لاکھوں مالیت کا قیمتی سامان و زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے ۔
واقعہ کی اطلاع پر آر پی او ساہیوال طارق عباس قریشی ، ڈی پی او عمر سعید ملک اور ایس پی انویسٹی گیشن شمس الحق درانی موقع پر پہنچ گئے ،فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کر لیے ،ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے 7مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، جنہیں تین دن کے اندر ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
ڈی پی او عمر سعید ملک کے مطابق چند ایسے ٹھوس شواہد اکھٹے کر لیے گئے ہیں جن کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا ،دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔