
برمنگھم(رپورٹ:غلام مصطفیٰ سید)انگلینڈ اور ویلز میں جاری کرکٹ کے عالمی مقابلوں کے ایک اہم میچ میں میزبان انگلینڈ کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں
اب تک ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم کو 31رنز سے پچھاڑدیا۔اس کے ساتھ ہی اب انگلینڈ کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر انگلش کپتان آئن مورگن نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر انگلینڈ نے 337رنز بنائےجس میں اوپننگ بیٹسمین جونی بیرسٹو کے شاندار 111 ،مڈل آرڈر بیٹسمین بین اسٹوکس کے 79اور جیسن رائے کے 66رنز شامل تھے۔ یوں انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 338رنز کا بڑا ہدف دیا۔ تاہم بھارت کی ٹیم پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 306رنز تک محدود رہی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پہلی وکٹ صرف آٹھ رنز پرگرگئی ۔ اوپنر لوکیش راہول کوئی رن بنائے بغیر ووکس کا شکار بن گئے۔اس کے بعد روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی وکٹ پر جم گئے اور138رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ روہت شرما نے ورلڈ کپ میں دوسری سنچری اسکور کی۔ پھر ویرات کوہلی 66رنزبناکر آؤٹ ہوگئے۔روہت شرما 102رنز بناکر واپس لوٹے۔ ریشبھ پنت 32 اورہردیک پانڈیا 45رنز کی اننگز کھیل پائے،جبکہ مہندرسنگھ دھونی 42 اور کیدار جادھو 12رنز پرناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکیٹ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کرس ووکس نے دو وکٹیں لیں۔
اس فتح کے ساتھ انگلینڈ 10پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبرپر آگیا ہے،جبکہ ابھی اس کا ایک مزید میچ نیوزی لینڈ سے ہونا باقی ہے۔ بھارت سات میچ کھیل کر 11پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرہے اوراس کے مزید دومیچز سری لنکا اور بنگلا دیش کے خلاف باقی ہیں۔














