
کراچی (نمائندہ رنگ نو ) الخدمت نے اپنے زیرکفالت بچوں کی شاپنگ کےبعد آغوش ہوم میں رہائش پذیر بچوں کو بھی عید الفطرکی شاپنگ کروادی ۔باہمت بچوں کو یہ موقع
گزشتہ روز شہر کے بڑے سپراسٹورمیں فراہم کیا ہے،جس کیلئے ہر بچے کو چارہزارروپے کا خریداری واؤچر فراہم کیا گیا تھا،جبکہ بچوں اور ان کی ماؤں کو عیدی بھی دی گئی ۔
اس موقع پر معروف اداکار بہروز سبزواری ،کامیڈین کاشف خان ،ٹی وی میزبان فرحانہ اویس ،خورشید حیدر، سوئی سدرگیس کمپنی کے سی ایس آر ہیڈ سلمان صدیقی ممبر کورننگ باڈی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی شکیل خان ،سوشل ایکٹو سٹ مقصود احمد خان نے سپر اسٹور کا دورہ کیا ،بچوں ،ان کی ماؤں سے ملاقات اور گفتگو کی ۔ایگز یکٹیو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین و دیگر ذمہ داران ان کے ہمراہ تھے ۔
معروف اداکار بہروز سبزواری نے کہا کہ الخدمت بہترین کام کر رہی ہے۔انہیں یہ جان کر حیرانی ہوئی ہے کہ الخدمت ان یتیم بچوں کوعید کی شاپنگ کروارہی ہے اوران بچوں کو عیدی بھی دی گئی ہے۔
بہروز سبزواری نے کہا کہ انہیں ان بچوں کو شاپنگ کرتے دیکھ کر خوشی ہو ئی ہے۔ ان بچوں کے چہروں جو پر جوخوشی ہے وہ ناقابل بیان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے کاموں کی لازمی تشہیرہو نی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یتیموں کی کفالت کیلئے اہل خیر آگے آئیں ۔یہ اللہ کے ساتھ تجارت ہے۔ یہ خسارہ کا سودانہیں۔ اس سے آپ مشکلات اور پریشانیوں سے بچ سکتے ہیں ۔۔
کامیڈین کاشف خان نے کہا کہ انہیں سپراسٹور میں آکر خوشی ہو ئی کہ الخدمت اتنا اچھا کام کر رہی ہے۔ ان یتیم بچوں کی خوشی کا کوئی ٹھکا نہ نہیں ،جولوگ بھی اس کار خیر میں الخدمت کا ساتھ دے رہے ہیں ۔وہ یقناً بڑے اجر وثواب کے مستحق ہیں ۔
انہوں نے کہا سب کو الخدمت کا ساتھ دینا چاہیے،دیگر مہمانوں نے بھی سپراسٹور کا دورہ کیا، بچوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے سروں پر دست شفقت رکھا ۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت مثالی کام کر رہی ہے ،یہ پورے معاشرے کیلئے مثال ہے، یتیموں کی کفالت سنت رسول ہے،پورے معاشرے کا فرض ہے کہ وہ یتیموں کی کفالت کیلئے آگے آئے ۔














