
ساؤتھمپٹن (اسپورٹس ڈیسک ) انگلینڈاور ویلز میں جاری بارہویں کرکٹ ورلڈ کپ کے 19ویں میچ میں میزبان انگلش ٹیم نے بہترین بیٹنگ اور بولنگ کا
مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست فاش سے دی ۔ یہ ایونٹ میں انگلینڈ کی تیسری فتح ہے۔ ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ
میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ میچ کے تیسرے ہی اوور میں ویسٹ انڈین اوپنرایون لوئس پویلین لوٹ گئے۔شائی ہوپ اور کرس گیل نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن پھر دونوں بلے باز یکے بعد دیگرے 11 اور 36رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔55رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد شیمرون ہٹمائر اور نکولس پوران کی جوڑی اکٹھا ہوئی اور دونوں نے 89رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا کسی حد تک ازالہ کردیا۔لیکن اس سے قبل یہ شراکت انگلینڈ کے لیے مزید خطرناک ثابت ہوتی، جو روٹ نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر ہٹمائر کی 39رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ 155 کے سکور پر ویسٹ انڈین جیسن ہولڈر بھی روٹ کی گیند پر انہی کو کیچ دے کر چلتے بنے اور پوری ویسٹ انڈین ٹیم 212 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پوران 63، رسل 21 اور برایتھ ویٹ 14رنز بنا کر پویلین لوٹے، انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور مارک وڈ نے تین، تین اور روٹ نے دو وکٹیں لیں۔انگلش اوپنرز نے انگلش ٹیم کو 95رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے فتح کی بنیاد رکھی، بیئراسٹو 7 چوکوں سے مزین 45رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔اس موقع پر انگلش ٹیم نے حیران کن قدم اٹھاتے ہوئے کرس ووکس کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیج دیا جو 40رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔دوسری جانب روٹ نے عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رواں ورلڈ کپ میں دوسری سنچری اسکور کی اور انگلینڈ 18.1 اوورز قبل ہی ہدف حاصل کر کے میچ میں 8وکٹ سے کامیابی حاصل کر لی۔روٹ نے ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بین سٹوکس نے 10رنز بنائے۔جو روٹ کو سنچری اور 2 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔55














