
اوول (اسپورٹس ڈیسک )ورلڈ کپ کرکٹ 2019کےمیچ میں آسٹریلیانےسری لنکاکو87رنزسےہرادیا۔
مچل اسٹارک کی تباہ کن باولنگ کے بعد 334 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 247 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔سری لنکا کے اوپنر کروراتنے اور کوشل پریرا نے جارحانہ آغاز کیا۔
پہلا نقصان 115 اسکور پر ہوا جب مچل سٹارک نے پریرا کو آؤٹ کیا۔انہوں نے 36 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دوسری وکٹ تھریمانے کی گری جو 16 رنز بنا کربہرنڈورف کی گیند پر وکٹ کیپر کیری کو کیچ دے بیٹھے۔
تیسری وکٹ کپتان کروراتنے کی صورت میں گری جو نروس نائٹیز کا شکار ہو گئےاور97 رنز کی اننگز کھیل کررچرڈسن کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ مینڈس نے 30 رنز بنائےدیگر 6 بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے اور پوری ٹیم 45.5 اوورز میں 247 پر ڈھیر ہو گئی۔
مچل سٹارک نے 4 شکار کیے،سری لنکا کی طرف سے ٹاس جیت کر پہلے کینگروز ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی گئی۔ آسٹریلوی ٹیم کے اوپننگ بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کے خلاف سنچری بنانے والے ڈیوڈ وارنر بڑی اننگز کھیلنےمیں ناکام رہے اور 48 گیندوں پر صرف 26 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے انہیں ڈی سلوا نے آؤٹ کیا۔
کپتان ارون فنچ نے گراؤنڈز کے چاروں طرف شارٹس کھیلے تاہم دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ 10 رنز پر چل دیئے۔ سٹیو اسمتھ نے فنچ کےساتھ جارحانہ اننگز کھیلی اور سکور کوتیزی سے آگے بڑھایا۔سمتھ 73 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان نے 132 گیندوں پر 153 رنز کی جارحانہ باری کھیلی ان کی اس اننگز میں 15 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، گلین میکسیویل نے 25 بالز پر 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔تاہم دیگر کوئی بھی بیٹسمین بڑی اننگز میں کامیاب نہ ہو سکا۔ مقررہ اوورز میں کینگروز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنا سکی۔ ڈی سلوا اور اوڈانا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔





































