کراچی کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کریں گے،وزیر اعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی کوششوں اور حکمت عملی کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ کو روکا گیا

ہے، خطرہ ابھی موجود ہے جس سے نمٹنے کے لئے پوری قوم کا تعاون درکار ہے۔ محرم الحرام میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، کراچی میں ہونے والی تباہی اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سکولوں کی انتظامیہ اور دیگر متعلقین کی مشاورت سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے کوویڈ 19 کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکنے کے لئے اقدامات، سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی، ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور کوارنٹین اسٹرٹیجی پر عملدرآمد، مختلف شعبوں خصوصاً سیاحت کے حوالے سے ٹیسٹنگ کی حکمت عملی، مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن اور ہوائی شعبے کے حوالے سے موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اجلاس کو کورونا کے پھیلاؤ کی مجموعی صورتحال کے بارے میں تفصیلی طور پر بریفنگ دی۔
محرم الحرام کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے ضمن میں وزیرِ اعظم نے ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر خاص طور پر زور دیا۔ محرم الحرام کے دوران تعاون پر وزیرِ اعظم نے علمائے کرام، ذاکرین اور مذہبی رہنماؤں کی جانب سے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی رہنماؤں نے کورونا کے خلاف جنگ میں جس تعاون کا مظاہرہ کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سے کراچی کے حالات پر خصوصی طور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہونے والی تباہی اور اس کے نتیجے میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندیاسد عمر، وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر، وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر، وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ،و دیگر نے شرکت کی۔