ہجرت حسنہ

 روزینہ خورشید

مومنہ آنٹی ایک ہر دل عزیز شخصیت کی مالک تھیں ۔صوم و صلوٰۃ کی پابند ،تہجد گزار،صبر و قناعت کی شاہکار،اخلاق بھی بہت بہترین تھا ۔ سو ان سے

جو بھی ایک بار ملتا دوبارہ ملنے کی خواہش ضرور رکھتا تھا ۔ان کےشوہر ایک معمولی ملازم تھے لیکن قلیل تنخواہ کے باوجود بھی وہ چار بچوں کے ساتھ اپنا گزر بسر انتہائی آرام سے کر رہی تھیں۔

 ربیع الاول کا مہینہ شروع ہو چکا تھا،لہذا حسب معمول انہوں نے اپنےگھر میں میلاد کی ایک محفل سجائی اور پڑوس میں نئے کرائے داروں کو بھی دعوت دے دی۔ اگلےدن  ان کی نئی پڑوسن روبینہ ان سے ملنے آئی تو پوچھا ،"آنٹی ایک ذاتی سوال پوچھوں برا تو نہیں مانیں گی۔

" آپ کیا ہر سال میلاد کی محفل اسی طریقے سے سجاتی ہیں؟" بس بیٹا سب رب کی مہربانی ہے۔۔۔۔ میں تو اپنے پیارے نبی سے محبت کے اظہار کے لیےیہ محفل  سجاتی ہوں لیکن  سچ بتاؤں تو میلاد کروانے سے گھر میں بہت برکت ہوتی ہے ۔صرف ربیع الاول میں ہی نہیں میں تو ہر دو مہینے میں میلاد شریف کی محفل رکھتی ہوں کیونکہ اس طرح  سب رشتہ دار اور ملنے جلنے والے اکٹھے ہو کر کچھ کھا پی لیتے ہیں۔

 ویسے بھی اسلام میں کھانا کھلانا تو پسندیدہ عمل ہے نااس سے رزق میں برکت ہوتی ہے"آنٹی نےاپنی دانست میں بڑی تفصیل سے برکت کی وجہ بیان کی۔روبینہ  بڑی توجہ سے ان کی بات سنتی رہی پھر  محبت سے بولی ،آنٹی یقیناً آپ یہ محفل اپنے پیارے نبی سے محبت کے اظہار کے طور پر ہی سجاتی ہیں لیکن پلیز آپ دیکھیں آج کل میلاد میں کس طرح کی شرکیہ نعتیں پڑھی جا رہی ہیں۔  کیا کروں امی کے بعد میں ہی بڑی ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ سب کو جوڑ کر رکھنے کا یہی ایک طریقہ ہے ،ورنہ آج کل تو لوگوں کے پاس وقت ہی نہیں ہے۔  ایک دوسرے کے گھر آنے جانے کا۔۔۔۔انہوں نے  توجیح پیش کرتے ہوئے کہا۔

 آپ کی سوچ اپنی جگہ ٹھیک ہےآنٹی لیکن ایسے تو نیکی برباد اور گناہ لازم والی بات ہو گئی ۔آپ اپنا طریقہ کار بدل دیں تو آپ بہت سی بدعات سے محفوظ ہو جائیں گی"۔

 اچھا !وہ کیسے ؟مومنہ آنٹی نے دل چسپی سے پوچھا

آپ اپنے گھر میں سیرت النبی کے پروگرام رکھ لیا کریں جس میں بے شک نبی کریم ص کی شان میں گلہائے عقیدت  کے طور پر ایسی نعتیں بھی پڑھی جائیں جو غلو سے پاک ہوں۔ قرآن مجید کے درس کا اہتمام کر لیا کریں۔  اس طرح لوگوں تک حقیقی معنوں میں اللہ اور رسول ص کی تعلیمات پہنچیں گی جو آپ کے لئے صدقہ جاریہ بنیں گی اور آپ کا (لوگوں کو جوڑنے کا) مقصد بھی پورا ہو جائے گا۔

مومنہ آنٹی سوچ میں پڑ گئیں کہنے لگیں "ہاں بیٹا بات تو تمہاری ٹھیک ہے مگر...."

روبینہ نے ان کے چہرے کے تاثرات سے اندازہ لگا لیا کہ  تھوڑی سی کوشش کرنے سے  آنٹی ہدایت کے راستے پر آ جائیں گی، لہٰذا اس نے بڑے پیار سے ان سے کہا "آنٹی دیکھیں ناربیع الاول کا مہینہ آتا ہے تو  ہر دوسرے گھر سے میلاد کی دعوت آنی شروع ہو جاتی ہے ۔پروگرام میں شرکت کے لیےخواتین نت نئے ڈیزائن کے کپڑے سلواتی ہیں جن سے نمود و نمائش جھلکتا ہے اور ان محفلوں میں صرف ایک ہی رٹی رٹائی چیز بار بار دہرائی جاتی ہے ۔ پیارے نبی کی پیدائش اور ان کے معجزات اور شرکیہ نعتیہ کلام ۔۔۔۔ان محافل میں یہ ذکر کیوں نہیں کیا جاتا  کہ نبوت ملنے کے بعد آپ نے اپنی پوری زندگی کس جدوجہد میں گزاری۔۔۔۔ کفر و شرک کے معاشرے میں توحید کا آوازہ کیسے بلند کیا۔۔۔۔ ہجرت کی صعوبتیں کیسے برداشت کیں ۔۔۔۔کیسے یہود مدینہ سے معاہدے کیے ۔۔۔۔ مدینے میں اسلامی ریاست کی بنیاد ڈالنے کے لیے آپ کوکفاروں سے کتنی جنگیں لڑنی پڑیں۔۔۔۔

رسول اللہ کی زندگی کے ان پہلوؤں پر کوئی بات نہیں کی جاتی بلکہ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ میلاد کی محفلوں کے بعد ان کاموں میں مشغول ہو جاتے ہیں جو رسول اللہ کی تعلیمات کے خلاف ہیں ۔ جیسے مایوں اور مہندی کی رسم اور رات  کو ناچ گانے کی محفل ۔

روبینہ نے بڑے احسن طریقے سے ان کو قائل کرنے کی کوشش کی ۔ہاں بیٹا یہ تو تم صحیح کہہ رہی ہو پچھلے مہینے میری بھانجی کی شادی تھی ،اس میں بھی مایوں کی تقریب سے پہلے شام میں میلاد رکھی گئی تھی پھر رات کو ان کے گھر سنگرز بلائے گئے اور رات بھر خوب ہلا گلا ہوا تھا ۔روبینہ تاسف سے بولی "افففف آپ خود سوچیں کیا ، یہ اللہ اور اس کے رسول کو ناراض کرنے والی بات نہیں ہے؟" مومنہ آنٹی نے بے تاب ہو کر کہا،"اللہ  مجھے معاف کرے مگر اب میں پوری کوشش کروں گی کہ میرا کوئی بھی عمل اللہ اور اس کے رسول کی ناراضی کا باعث نہ بنے لیکن ایک بات مجھے پریشان کر رہی ہے کہ اگر میں میلاد کے بجائے درس یا سیرت کی محفل رکھوں گی تو میرے خاندان والے کیا کہیں گے" روبینہ نے انہیں سمجھاتے ہوئے کہا "پرانے اور غیر شرعی رسموں کو چھوڑ کر  راہ ہدایت کی طرف ہجرت کرنا بلا شبہ ایک کٹھن مرحلہ ہوتا ہے اور جو  لوگ اس میں کامیاب ہو جائیں پھر وہ دنیا اور آخرت دونوں میں سرخرو ہوتے ہیں اور اپنے لیے صدقہ جاریہ چھوڑ جاتے ہیں ۔

آپ کو معلوم ہے اسکالرز   کے نزدیک گناہ کو چھوڑ کر نیکی کی طرف ہجرت کر جانے کو ہجرت حسنہ کہا جاتا ہےلہٰذا  آپ اس طرف سے بے فکر ہو جائیں کہ لوگ کیا کہیں گے۔ مومنہ آنٹی فوراً اٹھ کر روبینہ کے گلے لگ گئیں ۔ ان کی آنکھوں میں آنسو تھے کہنے لگیں تمہارا بے حد شکریہ بیٹا تم نے مجھے راہ ہدایت دکھائی ۔ ورنہ میں تو ثواب حاصل کرنے کے بجائے گمراہی کے اندھیروں میں ہی بھٹکتی رہتی۔  اب میں ان شاءاللہ اپنے گھر کو سیرت النبی کے پروگرام سے منور کروں گی اور ہر قسم کی بدعت سے بھی بچنے کی پوری کوشش کروں گی ۔ اللہ مجھے توفیق دے ۔روبینہ نے ان کے ساتھ کہا آمین۔