پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ کا شیڈول جاری کردیا گیا

لاہور( اسپورٹس ڈیسک )پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے آئندہ برس فروری اور مارچ میں جنوبی

افریقہ کے دورے کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جہاں گرین شرٹس میزبان ٹیم کے خلاف وائٹ بال سیریز میں حصہ لیں گی۔ دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 10 فروری کو پوچیفسٹروم میں ہوگا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا میچ 13 فروری کو بینونی میں ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 15 فروری کو کمبرلے میں شیڈول ہے۔

اس کے بعد ون ڈے سیریز کا مرحلہ شروع ہوگا، جس کا پہلا میچ 22 فروری کو بلوم فونٹین میں کھیلا جائے گا۔ قومی ویمنز ٹیم 25 فروری کو سنچورین میں دوسرا ون ڈے کھیلے گی، جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ یکم مارچ کو ڈربن میں منعقد ہوگا۔دوسری جانب نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی بھی رونمائی کر دی گئی ہےجس سے ملک میں خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے مثبت ماحول تشکیل پانے کی توقع کی جا رہی ہے۔