جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک کا نام ہے،امیرالعظیم

کراچی (رنگ نوڈاٹ کام)جماعت اسلامی پاکستان کے سکریٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقامت

دین کی تحریک اور جدوجہد کا نام ہے،جماعت اسلامی معاشرے میں تطہیر افکاروتعمیر افکار اور زمام کار کی تبدیلی کے لیے کوشاں ہے۔

ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے اجتماع ارکان سے خصوصی خطاب ان کا کہنا تھا کہ ہم معاشرتی اور حکومتی سطح پر حقیقی تبدیلی کے لیے آئینی،قانونی اور سیاسی و جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں،ان ہی مقاصد اور اصولوں کے تحت مولانا مودودیؒنے جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی تھی اور ساری جدوجہد کا مقصد کوئی دنیاوی فائدہ نہیں بلکہ صرف اور صرف رضائے الہیٰ کا حصول ہے۔

اجتماع سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،سکریٹری کراچی عبد الوہاب اور ڈپٹی سکریٹری حافظ عبد الواحد شیخ نے بھی خطاب کیا۔اجتماع میں جماعت اسلامی کے تنظیمی ودعوتی اور سیاسی وسماجی سرگرمیوں کی رپورٹس بھی پیش کی گئی۔

امیرالعظیم نے ارکان جماعت پر زور دیا کہ ہمیں اپنی دعوت وفکر م بنیادی مقاصد اور نصب العین کی ہمیشہ سامنے رکھنا ہے،ہماری کامیابی اور ناکامی کا معیار دوسری جماعتوں اور گروہوں سے مختلف ہے،نتائج خواہ کچھ بھی نکلیں ہمیں اقامت دین کی جدوجہد جاری رکھنی ہے اور رضائے الہیٰ کے حصول پر نظر رکھنی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وقت اور حالات کے مطابق ہمیں حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے،ہماری تحریک اور تنظیم میں ارکان جماعت کا کردار بہت اہم ہے،ہمیں اپنے اخلاق و کردار سے دعوت میدان میں لوگوں کے دل جیتنے ہیں، اپنے رویے اور طرز عمل سے لوگوں کو متاثر کرنا ہے،اپنے ساتھ ملانا ہے، اس جدوجہد اور تحریک کا حصہ بنانا ہے جو ہمارے پیش نظر ہے۔

امیرالعظیم نےکہاکہ آج ملکی حالات اور سیاسی منظرنامے میں اپناکردار بھرپور طریقے سے ادا کرنا ہے۔ جماعت اسلامی کی اخلاقی وسیاسی ساکھ ہمیشہ ہر دور میں مستحکم اور بلند رہی ہے اسے مزید بہتر کرنے،آگے بڑھاتے رہنے کی ضرورت ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے ارکان کو جماعت اسلامی کراچی کی نئی تنظیمی تشکیل 10اضلاع اور علاقہ جات کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ جماعت اسلامی کراچی میں ایک فعال،بیدار اور متحرک سیاسی خدمت کے طور پر موجود ہے،جماعت اسلامی کی حیثیت،سیاسی ساکھ،عوامی خدمات،مسائل کے حل کی جدوجہد اور قربانیاں سب کے سامنے ہیں۔حالیہ دنوں میں پبلک ایڈ کمیٹی کے ذریعے جماعت اسلامی نے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود کراچی کے مسائل پر جدوجہد میں تمام جماعتوں سے نمایاں اور مثالی کردار اد اکیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک،واٹر بورڈ،نادرا اور دیگر بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے ہم کراچی کے عوام کی آواز بنے ہیں۔بالخصوص کے الیکٹرک کے ناجائز میٹر رینٹ اور بنک چارجز کی واپسی جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد کی بڑی کامیابی ہے،پبلک کمیٹیوں کو ہمیں آئندہ دنوں میں مزید فعال اور متحرک بنانا ہے۔