
اسلام آباد ( ویب دیسک ،فوٹو فائل )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی
شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور دہشت گردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حیدر زمان سمیت خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کو ہلاک کرنا خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ انہوں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، پوری قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار جس جرأت اور ثابت قدمی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ لائقِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی، وطنِ عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔














