
کراچی ( رنگ نو ڈیسک)الخدمت کراچی اورپیما کےاشتراک سے ”جان بچانے کے عالمی دن “ پر الخدمت ناظم آباد اسپتال میں” بیسک لائف سپورٹ
کے عنوان سے ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ،جس میں ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے نے شرکت کی۔
ورکشاپ سے ڈائریکٹر شعبہ صحت الخدمت کراچی ڈاکٹر ثاقب انصاری اورٹرینرسرفراز حسین جعفری نے خطاب کیا ۔اس موقع پر ایم ایس الخدمت ڈاکٹرزیافت اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجو د تھے ۔ورکشاپ کا مقصد قدرتی آفات یاعام حالات میں لوگوں کی جان بچانے کیلئے فوری ” فرسٹ ایڈ “کی تربیت دینا تھا ۔
اس موقع پر ہنگامی صورتحال میں جان بچانے کی تربیت کا عملی مظاہرہ کر کے دکھایا گیا اور اس کے مختلف پہلوؤں پرروشنی ڈالی گئی ۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ دنیا بھر میں ”فرسٹ ایڈ“کو اہمیت حاصل ہے ،پوری دنیا میں فرسٹ ایڈ دی جاتی ہے ۔پاکستان میں الخدمت اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ( پیما )اس پر مل کر کام کر رہی ہے تاکہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی لوگوں کو” فرسٹ ایڈ کی تربیت دی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ جس گھر میں کسی فر دکی” فرسٹ ایڈ “کے حوالے سے تربیت ہوتی ہے، تو وہ ہنگامی صورتحال میں زندگی بچانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے ۔انہوں نے پیرا میڈیکل اسٹاف سے کہا کہ آپ تربیت حاصل کر کے ماسٹر ٹرینیر بن سکتے ہیں اورکسی کی جان بچا سکتے ہیں۔
ورکشاپ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ٹرینرسرفراز حسین جعفری نے کہا کہ جس طرح انسانی زندگی اہم ہے، اسی طرح زندگی کو بچانا بھی اہمیت کا حامل عمل ہے ۔تربیتی ورکشاپ میں بتایا گیا کہ اگر کو ئی واقعہ رونما ہوتاہوتا ہے تو فوری امدادکے نتیجے میں آپ متاثرہ فرد کیلئے ایک گھنٹے کے اندراندرکیا کچھ کر سکتے ہیں۔آپ اس عمل کو کامیابی سے مکمل کر تے ہیں تو آگے کےمراحل میں مزید آسانیاں پیدا ہو سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معاشرہ کے تمام افراد کو فرسٹ ایڈ کی تربیت ضرور حاصل کر نی چاہیے ۔














