
ٹنڈوآدم (رپورٹ :سلمان غوری ) ٹنڈوآدم حیدرآباد روڈ پرمسلح افراد نے زرعی زمین پر حملہ کردیا، فائرنگ بھی کی گئی،آگ لگنے کے سبب 3سو من گندم،
تھریشر اور ٹرک کے ٹائر جل کرخاکستر ہوگئے، پولیس اورمزدوروں نے بھاگ کر جان بچائی.
ٹنڈوآدم حیدرآباد روڈ پر گرین سٹی کے قریب کراچی کے رہائشی فیصل عباسی کی زرعی زمین پر گندم کٹائی کے دوران دو ویگو گاڑیوں میں سوار ایک درجن سے زائد مسلح نقاب پوشوں نے شدید فائرنگ کے بعد پیڑول چھڑک کر گندم کے ڈھیر، تھریشر اور بھوسے سے بھرے ٹرک پر فائرنگ کرکے آگ لگا دی جس کے نتیجے میں300 من گندم، تھریشر اور ٹرک کےٹائر جل کر خاکستر ہوگئے،آگ لگانے کے بعد مسلح افراد بآسانی فرارہوگئے۔
مذکورہ زمین پر پیپلزپارٹی کے رہنما عطاء اللہ جونیجو اور کراچی کے رہائشی زمیندار محمد فیصل عباسی کے درمیان جھگڑا چل رہا ہے، یہ زرعی زمین عدالتی حکم پر فیصل عباسی کے حوالے کردی گئی تھی۔
عینی شاہدین کےمطابق فائرنگ کے دوران تکراری زمین پر قائم پولیس پکٹ پرموجود پولیس اہلکاروں نے مسلح افراد کے آنے پر آموں کے باغات میں چھپ کر جان بچائی اور مزدو بھی بھاگ گئے۔
اطلاع پرمیونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کی فائربریگیڈ نے جائے وقوع پر پہنچ کر آگ بجھائی جبکہ ڈی ایس پی ٹنڈوآدم ایوب بروہی، ایس ایچ او سٹی حاجی محمد اسلم بلو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مذکورہ زمین پر پہنچے رابطہ کرنے پر ایس ایچ او نے بتایا کہ مدعیوں کا موقف سن کر مقدمہ درج کرینگے۔














