
کراچی (رنگ نوڈاٹ کام )ہیومن رائٹس نیٹ ورک نے آئل ریگو لیٹری اتھارٹی ( اوگرا)کے چیئر پرسن کو آئل ٹینکر زکے حادثات اور قیمتی جانوں کا ضیاع روکنے
کیلئے اوگرا قانون 2009 پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے مراسلہ ارسال کردیا۔ مراسلہ سانحہ احمد پور شرقیہ کے متاثرین کی درخواست پرلکھا گیا جس میں انہوں نے ہیومن رائٹس نیٹ ورک سے آئل ٹینکرحادثات کی روک تھام میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔
اوگرا چیئرپرسن کو لکھے گئےمراسلہ میں کہا گیاہے کہ ملک میں آئل ٹینکر کے حادثات تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں اور انسانی جانوں کیلئے مسلسل خطرہ بنے ہو ئے ہے، گلبائی کر اچی میں ہونے والا واقعہ احمد پورشرقیہ سانحہ کے سلسلے کی کڑی ہے۔ سانحہ احمد پور شرقیہ کے بعد قانون پرعملدرآمد کیا جاتا تو کراچی گلبائی میں آئل ٹینکر کو ہونے والا حادثہ اوراس جیسے درجنوں حادثات پیش نہ آتے۔ سانحہ احمد پورشریقہ 25 جون 2017 کو 29 رمضان المبارک کے دن پیش آیا تھا،جس میں 300 کے قریب لوگ جھلس گئے تھے، سانحہ کے بعد تحقیقات میں یہ بات سامنےآئی تھی کہ اوگرا قانون مروجہ 2009 میں آئل ٹینکر کا ایک معیار طے کردیا گیا تھا، مگر 9 سال گزرنے کے بعد بھی اس پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔
تحقیقاتی رپورٹ میں لکھا گیا کہ 25 جون 2017 کے سانحہ میں ملوث ٹینکر بھی اوگرا معیار کے مطابق نہیں تھا، غیر معیاری اور غیر متوازن ٹینکر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگیا، اور مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے کی ٹینکر سے تیل کا رساؤ ہونے لگا، اور جب لوگ جمع ہوئے تو آتشزدگی کے بعد ٹینکر پھٹ گیا جس سے بڑے پیمانے پر انسانی جان کا نقصان ہوا، سانحہ کی تحقیقاتی رپورٹ میں آئل ٹینکر کی خامیاں واضح کی گئی تھیں اور اس رپورٹ کی روشنی میں اوگرا نے تمام آئل ٹینکر مالکان اور کمپنیوں کو پابند کیا گیا تھا کہ دو سال کے اندر تمام آئل ٹینکرز کو اوگرا کے معیار کے مطابق بنایاجائے، معیار پر پورا نہ اترنے والے ٹینکرز کو تیل لے جانے کی اجازت نہیں جائے گی اور خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔
جس پر آئل ٹینکر مالکان اور کمپنیوں نے اوگرا کے معیار کے مطابق ٹینکرز بنانے کیلئے حکومت سے کرایا بڑھانے کا مطالبہ کیا، جسے تسلیم کرتے ہوئے کرایا تو بڑھا دیا گیا مگر 2 سال پورے ہونے کو ہیں قانون پر عملدرآمد آج بھی نہیں ہو رہا۔
مراسلہ میں چیئرپرسن اوگراسے مطالبہ کیا گیا ہے کہ احمد پورشرقیہ میں ہونے والے سانحہ کے بعد اوگرا قانون پر عملدرآمد کے لئے دی گئی مہلت ختم ہو رہی ہے، آئل ٹینکر مالکان کو مزید مہلت نہ دی جائے اور ملک و قوم کو مزید حادثات اور نقصانات سے بچانے کیلئے اوگرا قوانین پرسختی سے عملدآمد کروایا جائے۔ بصورت دیگر ہیومن رائٹس نیٹ ورک قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
اس موقع پر ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے صدر انتخاب عالم سوری اور جوائنٹ سیکرٹری محمد طارق خان نے روڈ سیفٹی کے حوالے سے مربوط مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اوگرا چیئر مین کو خط لکھا گیا ہے، دوسرے مرحلے میں صدر، وزیراعظم، چاروں گورنرز، وزراء اعلیٰ، وزارت پیٹرولیم، چیرمین پی ایس او، اراکین سینیٹ و اسمبلی کو مراسلے بھیجےجائیں گے اور ملاقاتیں کی جائیں گی، اورسیمینارز کا انعقاد ہوگا۔














