
کراچی/ہالا(رپورٹ :سلمان غوری ) 19مارچ2019 جماعت اسلامی سندھ کے ذمہ داران کا سہ روزہ اجتماع منصورہ ہالا میں شروع ہوگیا۔کراچی تا کشمور
سندھ بھر سے ہر سطح کے ذمہ داران مرد وخواتین شریک ہیں، پہلے دن بعد عصر تلاوت ونعت رسول کے بعد جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ ساجد انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنی پوری زندگی اصلاح معاشرہ اور اقامت دین کی جدوجہد میں لگانا اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، اصلاح وتربیت کا آغاز سب سے پہلے اپنی ذات خاندان سے کرنا چاہئے کیونکہ ہر فرد اپنے خاندان کا ذمہ دار ہے ،ان سے باز پرس بھی ہوگی، اس لئے اللہ نے قرآن مجید میں ہمیں خبردار کیا ہے کہ بچاﺅ اپنے آپ اور اپنے خاندان کو جہنم کی آگ سے، آپ نے اپنے کردار،صداقت وامانت کے ذریعے لوگوں کے دلوں کو فتح کیا۔
جماعت اسلامی کے کارکنوں کو بھی اسوہ رسول کے مطابق اپنے کردار کے ذریعے اپنی دعوت کا مثالی نمونہ بن جانا چاہئے، انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا کردار یا کوئی عمل جماعت اسلامی کی دعوت میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے،اگر ایسا ہوا تو ہر فرد آخرت میں اپنی جوابدہی کا جواب سوچ لے۔حقیقت میں دنیا کی زندگی دھوکے کا سامان اور آخرت کی کھیتی ہے،آج مغربی دنیا ڈراموں سمیت میڈیا کے ذریعے ہمارے خاندانی نظام کو تباہ کرنا چاہتی ہے،

انہوں نے کہا کہ ہمیں خاندانی نظام کی حفاظت اور اپنے اہل وعیال کی تربیت کے ساتھ انہیں جہنم کی آگ سے بچانے اور جنت کی منزل پانے کی فکر کرنی چاہئے، ایسا نہ ہو کہ پوری دنیا کو دعوت دینے والا داعی اپنے گھر سے غافل ہو۔آپ گھر کے اندر اور باہر دعوت کا مثالی نمونہ تھے۔
اس موقع پر صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی ایک انقلابی تحریک ہے جس کی بنیاد قرآن کی روح کے مطابق رکھی گئی ،جماعت اسلامی دینی روایات کی امین ہے، مقامی امیر سے لیکر مرکزی امیر کا انتخاب اس کی واضح مثال ہے، جمہوریت کے دعویداروں کو سب سے پہلے اپنی پارٹیوں میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کو فروغ دینا ہوگا، جماعت اسلامی کارکنان کے ساتھ لیڈر شپ کی تربیت کا بھی اہتمام کرتی ہے، تربیت وتزکیہ نفس جنت کی منزل کو پانے کا بہترین راستہ ہے، سندھ باب الاسلام ہے کارکنان وفود بناکر دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کے ذریعے گھر ،گلی محلوں اور بازاروں میں پہنچ کر دعوت کو عام کریں۔ انہوں نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اپنی اور تحریک کی کامیابی کیلئے تقویٰ ،پرہیز گاری اور ایثار وقربانی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں۔قبل ازیں امیر صوبہ نے مہمان مربی حافظ ساجد انور کو سندھ کا تحفہ اجرک پیش کیا، جبکہ تربیت گاہ سے، جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ، صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن، ناظم اجتماع محمد عظیم، نائب قیم مولانا عبدالقدوس احمدانی نے بھی خطاب کیا، جبکہ قاری مدثر بھٹو نے پرسوز آواز میں نعت رسول پیش کی،اسٹیج پر نائب امراءحافظ نصراللہ عزیز، عبدالغفار عمر، نائب قیم عبدالوحید قریشی، عبدالحفیظ بجارانی بھی موجود تھے۔#














