
میرپورخاص(رپورٹ :محمد ناصر اقبال) ایم کیو ایم پاکستان کا 35واں یوم تاسیس ملک بھر کی طرح میرپورخاص میں بھی روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔
اس سلسلے میں شہر کی اہم شاہراہوں، سڑکوں، چوراہوں اور بلند عمارتوں کو برقی قمقموں، قد آدم پینافلیکس اور پارٹی پرچموں سے نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ اس موقع پر نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ خواتین اور بچے پارٹی پرچم کے رنگوں پر مشتمل لباس زیب تن کئے ہوئے تھے جبکہ سڑکوں اور گلیوں میں ریلی کی شکل میں گشت کرتے نوجوان پارٹی نغموں کی دھنوں پر دیوانہ وار رقص کرکے ایم کیو ایم پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے رہے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے تحت بلدیہ کمپلیکس میں جنرل ورکرز کا انعقاد ہوا جس میں رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر ظفر کمالی، رکن ایس ٹی سی شبیر انصاری، اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی، تمام یونٹس کے ذمہ داران و کارکنان، اے پی ایم ایس او، لیبر ڈویژن، لیگل ایڈ کمیٹی، میڈیکل ایڈ کمیٹی، ایلڈرز ونگ اور شعبہ خواتین سمیت دیگر تمام شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان اور حق پرست کونسلرزنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر کمالی، شبیر انصاری اور محمد عثمان راجپوت نے کہا کہ کارکنان و حق پرست عوام کے بے مثال اتحاد کی بدولت آج 35واں یوم تاسیس منایا جارہا ہے۔ یہ تحریک شہداء، اسیروں اور لاپتہ کارکنان کی امانت ہے۔مہاجر قوم اور ان کی واحد نمائندہ جماعت ایم کیوایم پاکستان کو ہر دور میں تختہ مشق بنا کر مسلسل اذیت و تکالیف کا شکار رکھا گیا۔ظلم و نا انصافیوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔














