
جدہ (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق کے بارے میں مستقل آزادکمیشن نے مقبوضہ کشمیرمیں جاری
انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کمیشن نے جدہ میں حال ہی میں ختم ہونے والے 16ویں اجلاس کے دوران مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے قتل عام سمیت وہاں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کے الزامات کی عالمی سطح پر تحقیقات کرانے پر زوردیا۔ٍاجلاس میںکمیشن کے ارکان کے علاوہ او آئی سی کے رکن ممالک اور مبصر ریاستوں کے نمائندوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر جاری ہونیوالے ایک پریس ریلیز میں کہاگیا ہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ تحریک کوکچلنے کے لئے مقبوضہ وادی میں سیاسی و اقتصادی سرگرمیوںاور مواصلاتی روابط پرگزشتہ115روز سے سخت پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کومنسوخ کرناغیرقانونی اوربلاجوازاقدام ہے کیونکہ اس کامقصدجموں اورکشمیرکی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرناہے۔
کمیشن نے بھارت کے اس اقدام کو انسانی حقوق کے متعلقہ معاہدوں اور کنونشوںاور چوتھے جنیوا کنونشن کی شق 27اور49کے اضافی پروٹوکولز کی بھی خلاف ورزی قرار دیا جن کے تحت مقبوضہ اورمتنازعہ علاقوںمیں آبادی کی غیر قانونی منتقلی کو غیر قانونی قراردیاگیا ہے۔














