
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)مقبوضہ جموں کشمیر کے بزرگ آزادی پسند رہنما اور کل جماعتی حریت
کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کئی روز سے علیل ہیں۔
اس سلسلے میں اسلام آباد میں ان کے نمائندہ خصوصی اور ترجمان سید عبداللہ گیلانی نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کی ہے۔ نمائندہ خصوصی کی طرف سے اخبارات کے لئے جاری بیان میں کہا گیا کہ قائد پچھلے گیارہ سال سے لگاتار گھر میں نظربند ہیں اور ان کی تمام نجی اور سیاسی سرگرمیوں پر مکمل طور پر پابندی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ بزرگی کی وجہ سے سید علی گیلانی جسمانی طور پر کمزور ہیں لیکن مسلسل غیرقانونی نظربندی کی وجہ سے ان کی صحت پر بہت برا اثر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے مقبول ترین قائد کو جان بوجھ کر اپنے عوام سے دور رکھنے کی جابرانہ اور انتقام گیرانہ پالیسی پر عمل پیرا ہو کر مقبوضہ جموں کشمیر کی قابض انتظامیہ جمہوری اور انسانی حقوق کی شدید ترین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے۔





































