
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ۔خبر ایجنسی)سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو یقین
دہانی کرائی ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی)کا اسلام آباد میں خصوصی اجلاس منعقد کرایا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی جس پر سعودی شہزادے نے اسلام آباد میں اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
او آئی سی کا مجوزہ اجلاس وزرائے خارجہ کی سطح کا ہوگا جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، بحرین، ترکی ، انڈونیشیا سمیت دیگر رکن ممالک کی شرکت متوقع ہے۔ ملائیشیا میں ہونے والے والے حالیہ سمٹ کے بعد سعودی عرب نے او آئی سی کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے دورے کے دوران او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد میں بلانے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں شہریت کے متنازعہ قانون کا معاملہ سر فہرست ہوگا۔مسلمانوں کے معاملات حل کرنے میں کوئی خاص کردار ادا نہ کرنے کے باعث ملائیشیا، ترکی، انڈونیشیا، قطر اور ایران سمیت دیگر ممالک کو او آئی سی پر تحفظات ہیں، کوالالمپور کانفرنس کو سعودی عرب او آئی سی کے متبادل پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا ہے جس کے باعث 18 سے 21 دسمبر تک ہونے والی کانفرنس کے بعد او آئی سی کا مجوزہ اجلاس اور زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔














