
سرینگر(ویب ڈیسک )مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 146ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ برقرار ہے جبکہ سردی کے
شدید ترین دورانیے ”چلہ کلاں“نے محصور کشمیریوںکی مشکلات بڑھا دی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی محاصرے کے باعث مقبوضہ وادی کشمیر اور جموں اور لداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں خوف و ہراس کا ماحول اور غیر یقینی صورتحال بدستور برقرار ہے ۔ سرینگر اور وادی کے دیگر بڑے قصبوں میں دفعہ 144کے تحت سخت پابندیاںنافذ ہیں اورچپے چپے پر بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
مقبوضہ علاقے میں انٹرنیٹ، پری پیڈ موبائل فون اور ایس ایم ایس سروسز بھی مسلسل معطل ہیں۔ انٹرنیٹ کی معطلی کی وجہ سے لوگوں خاص طور پر صحافیوں، طلباءاور تاجروںکو سخت مشکلات درپیش ہیں۔
دریں اثنا 21دستمبر سے شروع ہونے والے سردی کے سخت ترین دورانیے”چلہ کلاں“ نے بھی گزشتہ تقریباً پانچ ما ہ سے جاری بھارتی محاصرے کے سبب مشکلات کا شکار کشمیریوں کے مصائب میں اضافہ کر دیا ہے ۔ چلہ کلاںکے پہلے ہفتے میں اگر چہ وادی میں موسم خشک رہا تاہم رات کے وقت درجہ حراست نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے گررہا ہے ۔





































