
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی انڈیکس نے 2020ءمیں
تعطیلات گزارنے کیلئے 20 بہترین ممالک کی فہرست جاری کی ہے ،جس میں پاکستان کو دنیا بھر میں تعطیلات گزارنے کیلئے سب سے بہترین ملک گردانا گیا ہے۔ وزیر خارجہ نے عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی اس کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ورلڈ انڈیکس کی جاری کردہ اس فہرست کے مطابق پاکستان کو دنیا بھر میں تعطیلات گزارنے کیلئے سب سے بہترین ملک گردانا گیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس فہرست میں پاکستان کا سرفہرست ہونا عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی مثبت پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ایک طرف ہندوستان کی جارحانہ اور امن دشمن پالیسیوں کے سبب ٹریول ایڈوائزریز جاری ہو رہی ہیں تو دوسری طرف پاکستان کو وزٹ کیلئے بہترین جگہ قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری سیکورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے اس پاک سر زمین کو دہشت گردی کے عفریت سے پاک کرنے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔





































