
تہران ( ویب ڈیسک ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ہم نے جنرل سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیکر امریکا
کے منہ پر تھپڑ مارا لیکن صرف فوجی آپریشن کافی نہیں ہے۔
ایرانی قوم سے اپنے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کو ایران کا بہادر سپوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قاسم سلیمانی صرف فوجی نہیں، سیاسی میدان میں بھی جرات کا مظاہرہ کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ قاسم سلیمانی کو خطرات کا سامنا تھا لیکن خطرات سے آگاہ ہونے کے باوجود انہوں نے ہمیشہ دوسروں کی جان کی پروا کی، سلیمانی کی شہادت نے ایرانی قوم کو دنیا کے غنڈوں کے خلاف متحد کر دیا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے عراق بھی سعودی عرب کی طرح دودھ دینے والی گائے بن جائے، جنرل سلیمانی نے عراق اور شام میں امریکا کے منصوبوں کو ناکام بنایا۔ان کا کہنا تھا سلیمانی کی شہادت نے ہمیں جگا دیا ہے، دنیا ہمارے جاہ و جلال کو دیکھ چکی ہے، گزشتہ رات ہم نے بدلہ لیکر امریکا کے منہ پر تھپڑ مارا لیکن صرف فوجی کارروائی کافی نہیں ہے۔














