پی ایس ایل:انگرم کی ریکارڈ ساز اننگز،کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پچھاڑدیا

شارجہ (رنگ نو ڈاٹ کام) پاکستان سپرلیگ سیزن فور کے چودہویں میچ میں کراچی کنگز کے

کولن انگرم نے ایک تاریخ ساز اننگز کھیلتےہوئے نہ صرف پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بنایا بلکہ اپنی ٹیم کو اب تک ناقابل شکست رہنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 6وکٹوں سے یادگار فتح بھی دلوادی۔

یہ پی ایس ایل 2019 کا اب تک سب سے ہائی اسکورنگ میچ تھا جس میں انگرم نے ایونٹ کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 59گیندوں پر 127رنز کی دھواں دھار ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ان کے لاٹھی چارج میں 12چوکے اور8 بلندوبالا چھکے بھی شامل تھے۔انگرم نے دو مرتبہ چھکے مارکر گیند کو اسٹیڈیم سے باہرچلتی سڑک پر پھینکا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں  پانچ وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔

عمر اکمل نے سب سے زیادہ 55،جبکہ رلی روسو نے 44رنز اسکور کئے۔ جواب میں کراچی کنگز کا آغاز مایوس  کن تھا اور ایسا دکھائی دینے لگا تھا کہ ٹیم یہ میچ بھی ہار جائے گی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ناقابل شکست رہے گی۔

اوپنر بابراعظم صفر پر پویلین لوٹ گئے، جبکہ ان کے بعد  منرو بھی صرف تین رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت مجموعی اسکور چار رنز تھا۔54 کے مجموعے پر تیسرے بلے باز اویس ضیا بھی آوٹ ہوگئے۔ پھر کولن انگرم کریز پر آئے  اور میچ کا نقشہ پلٹ دیا۔ انہوں نے دلکش اور جارحانہ اسٹروکس کھیلتے ہوئے تیزی سے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

دوسرے اینڈ سے لیونگسٹن اور پھر ڈنک ان کا ساتھ دیتے رہے,انگرم کے آخری چھکے کی بدولت کراچی کنگز نے چار وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوورز میں 188رنز بناکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلی شکست کا مزا چکھا دیا۔

ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے پرکولن انگرم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔