
مانچسٹر(اسپورٹس ڈیسک)کرکٹ ورلڈ کپ2019 کے میچ میں منگل18جون کو میزبان انگلینڈ نے عالمی مقابلوں کی تاریخ کا
سب سے بڑا ٹوٹل اسکورکرتے ہوئے افغانستان کو 150رنز سے ہرادیا۔
ویلزکے شہرمانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 397رنز بنائے۔انگلش بلے بازوں نے افغانی بولرز کی درگت بناتے ہوئے آخری دس اوورز میں 142رنز سمیٹے۔
انگلش اننگز کی خاص بات کپتان اوئن مورگن کی جارحانہ بلے بازی اور شاندار سنچری تھی۔ انھوں نے 148 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 17 چھکے شامل تھے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
انہوں نے اپنی سنچری 57 گیندوں پر مکمل کی جو کہ ورلڈ کپ مقابلوں کی چوتھی تیز ترین سنچری ہے۔اس سے قبل کسی ون ڈے اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ روہت شرما اور ابراہم ڈی ویلیئرز کے پاس تھا جنہوں نے 16، 16 چھکے لگائے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 398رنز ہدف کے جواب میں افغانستان کی ٹیم50اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 247رنز بناسکی اور میچ 150رنز سے ہارگئی۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور آرچر نے تین تین جبکہ مارک وڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے اب تک چار میچ کھیلے ہیں جن میں سے تین جیتے ہیں اور اس کے 6 پوائنٹس ہیں۔














